ڈنی (آئی ا ین پی)آسٹریلیا کے فاسٹ بالر جائے رچرڈسن کندھے کی انجری کے باعث 30 مئی سے انگلینڈ میں شروع ہونے والے آئی سی سی ورلڈ کپ سے باہر ہو گئے ہیں۔جائے رچرڈسن کندھے کی انجری سے مکمل طور پر صحت یاب نہیں ہو سکے جس کے بعد ان کی جگہ کین رچرڈ سن کو ورلڈ کپ سکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔رچرڈسن رواں برس مارچ
میں پاکستان کے خلاف متحدہ عرب امارات میں ہونے والی ایک روزہ سیریز کے دوران کندھا زخمی کر بیٹھے تھے، تاہم انہیں ورلڈ کپ سکواڈ میں شامل کیا گیا تھا۔ان کے کندھے کے حالیہ ٹیسٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ ورلڈ کپ کے لیے مکمل صحتیاب نہیں ہوئے۔ٹیم کے فیزیو تھیرپسٹ ڈیوڈ بیکلے کا کہنا ہے کہ یہ یقینا ٹیم اور جائے رچرڈسن کے لیے مایوس کن خبر ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جائے کے تازہ ترین ٹیسٹ، معائنے اور نیٹ پر بالنگ کی کوشش کے دوران سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ان کی ریکوری مطلوبہ رفتار سے نہیں ہو رہی ہے۔ ‘اس لیے ہم نے سلیکٹرز سے مشورے کے بعد جائے کو ورلڈ کپ سے ڈراپ کرنے فیصلہ کیا ہے۔22سالہ جائے رچرڈسن اب تک 12میچوں میں 26.33کی اوسط سے 24وکٹیں حاصل کر چکے ہیں، 26رنز کے عوض 4وکٹیں ان کی بہترین بولنگ ہے۔آسٹریلیا نے ان فٹ جائے کی جگہ کین رچرڈسن کو ٹیم میں شامل کیا ہے جبکہ فاسٹ بالر جوش ہیزل ووڈ کو ایک بار پھر نظرانداز کیا گیا ہے۔









