Wednesday November 27, 2024

اسد عمر کی کابینہ میں واپسی کس کس کی چھٹی ہونے والی ہے وزیراعظم نے دو ٹوک اعلان کر دیا

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ میں صرف وہی لوگ رہیں گے جو کام کریں گے ۔ کام نہ کرنے والا ہر وزیرگھر جائے گا ۔ اسد عمر پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ ان کی کابینہ میں جلد ہی واپسی ہو گی۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے صحافیوں سے ملاقات میں کہا ہے کہ واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ میری کرسی بھی چلی جائے تو کسی صورت احتساب کے عمل سے پیچھے نہیں ہٹوں گا ۔

آئندہ دنوں میں وفاقی کابینی میں پھر ردو بدل ہو گی جو وزیر کارکردگی نہیں دکھائے گا وہ گھر جائے گا۔ اسد عمر سے متعلق وزیراعظم نے کہا کہ وہ تحریک انصاف کا قیمتی اثاثہ ہیں اور بہت جلد وہ کابینہ کا حصہ ہونگے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن رہنمائوں کیخلاف مقدمات پچھلی حکومتوں کے بنائے ہوئے ہیں اگر ہم ابھی احتساب سے پیچھے ہٹ گئے تو اپوزیشن کیلئے سب ٹھیک ہو جائے گا۔ این آر او کا ہمیشہ سے مخالف رہاہوں ، اپوزیشن کان کھول کر سن لے میں کسی صورت کسی ایک فرد کو بھی این آر او نہیں دو ںگا ۔ عوام کا لوٹا ہوا پیسہ بہت جلد پاکستان واپس آئے گا۔دوسری جانب وزیراعظم عمران خان آج (ہفتہ ) رینالہ خورد میں نیا پاکستان ہائوسنگ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے ۔وزیر ہائوسنگ و اربن ڈویلپمنٹ میاں محمود الرشید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بتایا کہ وزیراعظم کا مستحق افراد کو ذاتی چھت فراہم کرنے کا وعدہ وفا ہونے جارہا ہے اور عمران خان آج بروز ( ہفتہ ) کو رینالہ خورد میں نیا پاکستان ہائوسنگ منصوبے کا سنگ بنیا درکھیں گے ۔انہوںنے کہاکہ کم قیمت میں گھر کی فراہمی عوامی محبت کامنہ بولتا ثبوت ہے ۔

FOLLOW US