کولکتہ(ویب ڈیسک) بھارت کے سابق کپتان ساروگنگولی نے پاکستان کو بھی ورلڈ کپ ٹرافی کیلئے انتہائی فیورٹس سائیڈز میں سے ایک قرار دیدیا ہے۔2003ءکے میگا ایونٹ میں بھارتی ٹیم کی قیادت کرنے والے گنگولی نے کہاکہ میرے خیال میں ورلڈ کپ کی 4 سیمی فائنلسٹ ٹیموں میں بھارت، آسٹریلیا، انگلینڈ اور پاکستان شامل ہوں گی، انھوں نے کہاکہ اس بار راؤنڈ
روبن فارمیٹ کی وجہ سے ایونٹ زیادہ دلچسپ ثابت ہوگا اور اس میں سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔یاد رہے کہ آئی سی سی ورلڈ کپ 2019ءکا شیڈول سامنے آچکا ہے اور میگا ایونٹ 30 مئی سے 14 جولائی کے درمیان انگلینڈ اور ویلز میں کھیلا جائے گا۔میزبان انگلینڈ اور جنوبی افریقہ ٹورنامنٹ کا پہلے میچ اوول کے میدان پر 30 مئی کو کھیلا جائے گا جبکہ پاکستان کا پہلا میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف ہے جو 31 مئی کو ٹرینٹ برج پر کھیلا جائے گا۔پاکستان کا اس کے بعد تین جون کو انگلینڈ، سات جون کو برسٹل اور 12 جون کو عالمی چیمپئن آسٹریلیا سے میچ ہوگا۔پاکستان اور بھارت کے درمیان اہم ٹاکرا 16 جون کو اولڈ ٹریفرڈ میں ہوگا۔ پاکستان اس کے بعد جنوبی افریقہ کے خلاف 23 جون، نیوزی لینڈ کے خلاف 26 جون اور افغانستان کے خلاف 29 جون کو مدمقابل ہوگی۔پاکستان اپنا آخری لیگ میچ پانچ جولائی کو لارڈز کے تاریخی میدان پر کھیلے گی۔









