صنعا (آئی این پی )یمن کے ایران نواز حوثی باغی گروپ نے زخمی ہونے والے اپنے وزیر داخلہ کی لبنان کے ایک اسپتال میں موت کی تصدیق کی ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق حوثی حکومت کے وزیر داخلہ میجر جنرل عبدالحکیم الماوری کو حال ہی میں عرب اتحادی فوج کی بمباری میں زخمی ہونے کے بعد بیروت کے ایک اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔الماوری کی موت کو حوثی باغیوں کے لیے ایک بڑا دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔
حوثیوں کے قریبی ذرائع کے مطابق عبدالحکیم الماوری حال ہی میں یمن میں آئینی حکومت کی بحالی کے لیے سرگرم عرب اتحاد کے طیاروں کی صنعا میں بمباری میں زخمی ہوگئے تھے۔ انہیں حوثیوں کی طرف سے خفیہ طورپر اقوام متحدہ کے ایک طیارے کی مدد سے بیروت لے جایا گیا جہاں وہ دوران علاج گذشتہ روز انتقال کرگئے۔حوثیوں کی سپریم سیاسی کونسل کے سربراہ مہدی المشاط نے وزیر داخلہ میجر جنرل عبدالحکیم احمد الماوری کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کے خاندان کو ایک برقی تعزیتی پیغام بھیجا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ حوثی ملیشیا اپنے ایک قیمتی فوجی رہ نما سے محروم ہوگئی ہے۔ خیال رہے کہ حوثی وزیر داخلہ اور کئی دیگر سرکردہ باغی لیڈر گذشتہ برس مئی میں صنعا میں عرب اتحادی طیاروں کی بمباری میں ہلاک اور زخمی ہوگئے تھے۔ بمباری کے بعد الماوری منظرعام پرنہیں آئے اور ان کی موت کی خبریں گردش کرتی رہی ہیں۔ تاہم حوثیوں کی طرف سے الماوری کی ہلاکت سے انکار کیاجاتا رہا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے جب حوثیوں نے ان کی موت کی تصدیق کی ہے