Wednesday November 27, 2024

عمران خان کو خبردار کیا تھا کہ اگر پائلٹ واپس نہ کیا تو نتائج بھگتنا ہوں گے،بھارتی وزیر اعظم کی نئی بڑھک

گجرات (ویب ڈیسک) بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی نے ایک نئی بھڑک مار دی۔ بھارتی شہر گجرات میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کو خبردار کیا تھا کہ اگر پائلٹ ابھی نندن واپس نہ کیا تو نتائج بھگتنا ہوں گے۔ جس کے بعد پاکستان نے بھارت کے پائلٹ کو واپس بھیج دیا۔ یہاں یہ بات قابل ذکر

ہے کہ پاکستان نے 27 فروری کو ملک میں دراندازی کرنے والے بھارتی پائلٹس کو خوب سبق سکھایا اور بھارت کا ایک پائلٹ بھی حراست میں لے لیا تھا جسے بعد ازاں جذبہ خیر سگالی کے تحت بھارت کے حوالے کر دیا گیا لیکن بھارت پاکستان کا احسان مند ہونے کی بجائے اُلٹا اسے اپنی دھمکیوں کا نتیجہ قرار دے رہا ہے جس سے صاف ظاہر ہے کہ بی جے پی کی حکومت ہر صورت اپنی عوام کو سچ سے کوسوں دور رکھنا چاہتی ہے۔واضح رہے کہ بھارت میں انتخابات کا عمل جاری ہے جس کے لیے بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی امن کے دشمن بنے ہوئے ہیں تاکہ عوام کی حمایت حاصل کر کے اپنا ووٹ بینک بڑھایا جا سکے۔ قبل ازیں راجھستان میں الیکشن مہم سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی نے کہا تھا کہ کیا ہمارے ایٹمی ہتھیار دیوالی پر چلانے کے لیے ہیں؟ عوامی اجتماع سے جوش میں نریندر مودی کا کہنا تھا کہ ہم نے پاکستان سے ڈرنا چھوڑ دیا ہے۔اگر میں 1971ء میں ہوتا تو بھارت نے شملہ معاہدے میں جو پاکستان سے ہارا وہ کبھی نہ ہوتا۔ واضح رہے کہ بھارت میں انتخابات کا عمل 11 اپریل سے جاری ہے جو کہ 19 مئی کو مکمل ہو گا۔ انتخابی

عمل مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی اور نتائج کا آغاز 23 مئی سے ہو گا۔ ان انتخابات کے پیش نظر بھارتی وزیراعظم نے مسلسل جارحانہ رویہ اپنا رکھا ہے۔ نریندرا مودی ووٹرز کی توجہ حاصل کرنے اور اپنا ووٹ بینک بڑھانے کے لیے پاکستان کے خلاف اکثر ہرزہ سرائی کرتے اور بڑھکیں مارتے نظر آتے ہیں جس پر انہیں خود بھارت کے ہی کئی رہنماؤں اور مفکروں کی جانب سے تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا لیکن بھارتی وزیراعظم کا جنگی جنون کسی طور تھم نہ سکا۔

FOLLOW US