Sunday November 9, 2025

ورلڈ کپ سے پہلےہی کس کھلاڑی کا فٹنس ٹیسٹ سب سے بہترین نکل آیا

لاہور(آئی این پی) قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے ورلڈ کپ سے قبل فٹنس ٹیسٹ جاری ہیں، وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے فٹنس ٹیسٹ میں سب کو پیچھے چھوڑ دیا،رضوان فٹنس لیول میں 20پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر رہے، کپتان سرفراز احمد، محمد عامر ،شعیب ملک اور حفیظ نے اب تک ہونے والے فٹنس ٹیسٹ کلیئر کرلیے جبکہ عابد علی

، محمد حسنین ، یاسر شاہ اور عماد وسیم فٹنس کے مطلوبہ لیول پر پورا نہ اتر سکے۔ تفصیلات کے مطابق مشن ورلڈ کپ اور انگلینڈ کے خلاف سیریز سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جاری ہیں۔فٹنس ٹیسٹ کے لیے 23کھلاڑی کو طلب کیا گیا تھا جنہیں مختلف اوقات میں بلایا گیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کوچنگ اسٹاف اور میڈیکل پینل کرکٹرز کے فٹنس ٹیسٹ مانیٹر کر رہا ہے، محمد نواز دو روز پہلے ٹیسٹ دے چکے ہیں اور دیگر کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ جاری ہیں۔ محمد نواز کو پیٹرن ٹرافی گریڈ ٹو کا میچ کھیلنا تھا اس لیے ان کے ڈیپارٹمنٹ کی درخواست پر ان کا فٹنس ٹیسٹ 13 اپریل کو لیا گیا۔ فٹنس ٹیسٹ میں وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا، رضوان فٹنس لیول میں 20پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر رہے۔ذرائع کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد، محمد عامر ،شعیب ملک اور حفیظ نے اب تک ہونے والے فٹنس ٹیسٹ کلیئر کرلیے ہیں۔آصف علی کا فٹنس لیول اٹھارہ اعشاریہ پانچ، فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کا فٹنس لیول اٹھارہ آیا ہے۔اوپنر شان مسعود اور فاسٹ بولر حسن علی بھی مکمل فٹ ہیں جبکہ لیگ اسپنر یاسر شاہ، فاسٹ بولر محمد حسنین اور آل رانڈر عماد وسیم فٹنس لیول تک نہیں پہنچ سکے ہیں۔یویو ٹیسٹ کے بعد آخری مرحلہ کھلاڑیوں کے اسٹرنتھ ٹیسٹ اور دو کلو میٹر ڈور کا ہے، واضح رہے کہ ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کا اعلان جمعرات کو کیا جائے گا۔یاد رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم 23 اپریل کو لندن روانہ ہوگی جہاں انگلینڈ کے خلاف

سیریز کھیلی جانی ہے۔پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ون ڈے میچ 8 مئی کو اوول، گیارہ مئی کو ساتھمپٹن، 14 مئی کو برسٹل، 17 مئی کو ٹرینٹ برج اور 19 مئی کو لیڈز میں کھیلا جائے گا۔ورلڈ کپ 30 مئی سے شروع ہوگا اور قومی ٹیم اپنی مہم کا آغاز 31 مئی کو ٹرینٹ برج میں ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ سے کرے گی۔