لا ہو ر (آ ئی این پی)لاہور ہائیکورٹ نے ایفی ڈرین کیس میں عمر قید کی سزا پانے والے مسلم لیگ (ن)کے رہنما حنیف عباسی کی سزا معطل کرکے ان کی رہائی کا حکم دے دیا۔تفصیلات کے مطا بق لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے حنیف عباسی کی درخواست پر سماعت کرکے فیصلہ سنایا اور لیگی رہنما کی سزا معطل کردی اور انہیں ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
وا ضح ر ہے کہ مسلم لیگ (ن)کے رہنما حنیف عباسی نے انسداد منشیات کی عدالت سے ایفی ڈرین کیس میں عمر قید کی سزا کو لاہور ہائیکورٹ میں چلینج کیا تھا،حنیف عباسی نے اپنی درخواست میں مؤ قف اپنایا کہ انسداد ِمنشیات عدالت نے فیصلے میں اہم قانونی نکات کو نظر انداز کیا، کیس میں نامزد دیگر 7 ملزمان کو رہا کردیا گیا ہے،درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ درخواست گزار کے خلاف سیاسی بنیادوں پر کیس بنایا گیا لہذا عدالت سزا معطل کرکے ضمانت منظور اور رہا کرنے کا حکم دے۔