Wednesday November 27, 2024

ن لیگ نے پنجاب حکومت گرانے کا اعلان کردیا،نئے وزیراعلیٰ کے نام کا اعلان

لاہور (این این آئی )ن لیگ نے پنجاب حکومت گرانے کا اعلان کردیا،نئے وزیراعلیٰ کے نام کا اعلان،تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا مشہود احمد نے کہا ہے کہ 12سے 14لوگ مکمل رابطے میں ہیں۔ دو سے تین ماہ میں پنجاب میں ان ہاؤس تبدیلی لا سکتے ہیں ،نیب قوانین کو تبدیل کرنے کی بجائے نیب کے ادارے کو ختم کر دینا چاہیے، پہلے عبد العلیم خان کو قربانی کا بکرا بنایا گیا اب پرویز خٹک کی باری ہے۔

ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ نیب کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، احتساب ہونا چاہیے مگر اس میں سیاسی مداخلت نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے عوام کی خدمت کی اور سزا کے طو رپر ہمارے خلاف جھوٹے مقدمات بنائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ عمران خان نے عبد العلیم خان کو قربانی کا بکرا بنایا اب پرویز خٹک کی باری ہے،بریگیڈئیر (ر)اعجاز شاہ کو وزیر دفاع کا چارج دینے کیلئے کابینہ میں شامل کیا گیا۔انہوں نے اٹھارویں ترمیم کو ختم کرنے کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ عمران خان آ پ بادشاہ نہیں ،اٹھارویں ترمیم کو ختم کرنے کا سوچنا بھی نہیں ورنہ ہمارے صبر کے پیمانے لبریز ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دو سے تین ماہ میں پنجاب میں ان ہاؤس تبدیلی لا سکتے ہیں ، حکومت کے 12 سے 14 لوگ مکمل رابطے میں ہیں ،وزیراعلیٰ پنجاب کے لئے حمزہ شہباز مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ہوں گے۔ حکومت کے پاس جون تک کا وقت ہے یہ اپنا جواز کھو چکے ہیں۔رانا مشہود نے کہا کہ نواز شریف کبھی ڈیل نہیں کریں گے انکی ڈکشنری میں ڈیل کا لفظ نہیں ،حمزہ اور مریم قابل احترام ہیں تاہم نوازشریف اور شہباز شریف ہی پارٹی کی قیادت کریں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اربوں روپے لوٹے ان کا احتساب کریں گے، علیمہ خان کے بعد روبینہ خان کی بھی اربوں کی جائیدادیں نکل آئی ہیں۔

FOLLOW US