اسلام آباد: پاکستان کی سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کو 3سال کے لیے چین میں پاکستان کی سفیر مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔ تہمینہ جنجوعہ نے 1984 میں سول سروسز میں شمولیت حاصل کی اور وہ وزارتِ داخلہ میں 22ویں گریڈ تک پہنچنے والی پہلی خاتون ہیں۔ تہمینہ جنجوعہ نے اقوامِ متحدہ میں پاکستان کی نمائندگی کی اور اٹلی میں پاکستان کی سفیر بھی رہیں۔
تہمینہ جنجوعہ پاکستان کی سیکرٹری خارجہ ہیں اور چند روز قبل انکی جگہ پاکستان کا نیا سیکرٹری خارجہ بنانے کے لیے بھارت میں موجود سفیر سہیل محمود کو پاکستان بلایا گیا ہے جوپاکستان کے نئے سیکرٹری خارجہ ہوں گے جبکہ بھارت میں اب پاکستان کے سفیر معزم احمد خان ہوں گے جو ابھی متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر ہیں۔ چین میں پاکستان کے سفیر مسعود خالد ہیں جنکی مدتِ ملازمت میں دو بار توسیع کی گئی تھی اور اب وہ ریٹائر ہو رہے ہیں۔ تہمینہ جنجوعہ کو چین میں سفیر مقرر کیے جانے کے حوالے سے پاکستان نے چین کو خط لکھ دیا ہے اور جیسے ہی چین کی جانب سے رضامندی ظاہر کی جائے گی تہمینہ جنجوعہ بیجنگ میں مسعود خالد کی جگہ لے لیں گی۔ذرائع کے مطابق یہ تمام تبدیلیاں اگلے ہفتے میں متوقعہ ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان تمام تبادلوں کی منظوری وزیرِخارجہ شاہ محمود قریشی نے دے دی ہے۔