Monday January 20, 2025

جیالو! بلاول، آصفہ اور بختاور کا خیال رکھنا،آصف زرداری نے کارکنان کے نام خصوصی پیغام جاری کر دیا

نواب شاہ: سابق صدر آصف علی زرداری نے ممکنہ گرفتاری کو بھانپتے ہوئے جیالوں سے اپنے بچوں بلاول، آصفہ اور بختاور کا خیال رکھنے کی اپیل کر دی۔ سابق صدر نے نواب شاہ میں ورکرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرے سیکرٹری نے مجھے کہا کہ آپ نے کارکنوں کو اپنے ساتھ عدالت آنے سے کیوں روکا تو میں نے جواب دیا کہ ہمیں قانون دکھا کر پھنسایا جارہا ہے اور ہم قانون دکھا کر بے گناہ ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ لوگ چندہ لے سکتے ہیں حکومت نہیں چلا سکتے، انہوں نے دعویٰ کیا کہ تمام پارٹیاں میرے ساتھ کھڑی ہیں میں اکیلا نہیں ہوں۔ سابق صدر نے اپنی ممکنہ گرفتاری بھانپتے ہوئے ورکرز سے کہا کہ بلاول جذباتی ہے،وہ نوجوان ہے، اسکا خون گرم ہے اور وہ جوشیلا ہے اس لیے جیالے بلاول، آصفہ اور بختاور کا خیال رکھیں۔ انہوں نے لاہور ماڈل ٹاؤن میں پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف کی گرفتاری کے لیے مارے جانے والے نیب کے چھاپے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ حمزہ کے ساتھ ڈرامہ کیا گیا لیکن انہیں صبر سے کام لینا چاہیے تھا۔ سابق صدر نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آج بینکوں میں پیسہ نہیں ہے، معیشت گرتی جارہی ہے اور انہیں عقل نہیں ڈالر 155روپے پر جارہا ہے۔ یاد رہے کہ اآصف علی زرداری پر منی لانڈرنگ اور بے نامی بینک آکاؤنٹس کا کیس ہے جس میں انہیں نیب نے طلب کر رکھا ہے اور امکان ہے کہ انہیں گرفتار کر لیا جائے گا۔

FOLLOW US