رحیم یار خان(ویب ڈیسک ) رحیم یارخان میں ترنڈا سوائے خان کے قریب مال گاڑی کی 13 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں جس کے نتیجے میں اپ اور ڈاؤن ٹریک پر ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہو گئی ہے۔ ریلوے ذرائع کے مطابق گزشتہ شام 4بجے ترنڈا سوائے خان کے قریب مال گاڑی کی 13 بوگیاں الٹ گئی تھیں۔ جس کے بعد اپ اور ڈاؤن ٹریک پر متعدد مسافر
ٹرینوں کو مختلف مقامات پر روکا گیا۔ تفصیلات کے مطابق رحیم یار خان کے قریب مال گاڑی کو پیش آنے والے حادثے کے باعث لاہور سے کراچی آنے اور جانے والی ٹرینوں کو مختلف ریلوے سٹیشنز پر روک دیا گیا ہے۔ لاہور سے کراچی جانے والی مال گاڑی کو رحیم یار خان کے قریب دن کے وقت حادثہ پیش آیا تھا جس کے باعث اس کی 13 بوگیاں الٹ گئیں تھیں۔ 6 گھنٹے سے زائد وقت گزر جانے کے باوجود تاحال ٹریک کو بحال نہیں کیا جاسکا جس کے باعث اکثر ٹرینوں کو مختلف ریلوے سٹیشنز پر روک دیا گیا ہے ۔ فرید ایکسپریس کو فیروزہ، خیبر میل کو خانپور، رحمان بابا ایکسپریس اور عوامی ایکسپریس کو صادق آباد اور ہزارہ ایکسپریس کو رحیم یار خان کے ریلوے سٹیشن پر روک کر رکھا گیا ہے جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ رحیم یار خان کے سٹیشن ماسٹر کا کہنا ہے کہ ٹریک بحال ہونے میں مزید دو گھنٹے لگیں گے ۔ ریلوےذرائع نے مزید بتایا ہے کہ واقعے کے بعد رحمان بابا اور عوام ایکسپریس صادق آباد پر، ہزارہ ایکسپریس رحیم یارخان اسٹیشن پر ، بابا فرید ایکسپریس خان پور پر اور عوام ایکسپریس آدم صحابہ پر کھڑی ہو گئیں ۔ ریلوے حکام کے مطابق کافی جدوجہد کے بعد اپ ٹریک کو ٹرینوں کی آمد و رفت کے لیے کھول دیا گیا۔ ٹریک سے متاثرہ مال گاڑی کا ملبہ ہٹا دیا گیا ہے ۔