اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) خبردار، یہ کام ہرگز مت کرنا، سب فروخت کر دو، ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے وزیر خزانہ اسد عمر کو خسارے والے تمام سرکاری ادارے فروخت کرنے کی تلقین کردی۔ تفصیلات کے مطابق معروف اور سینئر صحافی محمد مالک کی جانب سے وزیر خزانہ اور ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد کے درمیان ہوئی ایک ملاقات کا دلچسپ احوال بیان کیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے محمد مالک نے بتایا کہ وزیر خزانہ اسد عمر نے جب ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد سے ملاقات کی، تو اس دوران اسد عمر نے کہا کہ ان کی حکومت بھی ملائیشیا کی حکومت کی طرح خزانہ فنڈ قائم کرکے خسارے والے اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کی کوشش کرے گی۔ اس موقع پر ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے فوری ردعمل دیتے ہوئے وزیر خزانہ اسد عمر کو کہا کہ خبردار، ایسا ہرگز مت کرنا۔ خسارے والے تمام سرکاری ادارے فوری فروکت کر دو۔ مہاتیر محمد نے کہا کہ چاہے حکومت کچھ بھی کرلے، سرکاری اداروں کو منافع بخش نہیں بنایا جا سکتا۔ اس لیے سرکاری اداروں کی کارکردگی میں بہتری کیلئے وقت اور سرمایہ ضائع کرنے کی بجائے انہیں فروخت کر دیا جائے۔ واضح رہے کہ پاکستان کے کئی بڑے سرکاری ادارے جن میں پی آئی اے، پاکستان اسٹیل مل، پاکستان ریلوے اور دیگر شامل ہیں، کھربوں روپے کے خسارے کا شکار ہیں۔ حکومت ان اداروں کو سالانہ کھربوں روپے دینے پر مجبور ہے، تاہم ان اداروں سے حکومت کو کسی قسم کا کوئی فائدہ حاصل نہیں ہوتا۔ تحریک انصاف نے اقتدار میں آنے سے قبل اعلان کیا تھا کہ خسارے میں چلنے والے اداروں کا منافع بخش بنانے کی کوشش کی جائے۔ جن اداروں کو منافع بخش نہیں بنایا جا سکتا، انہیں فروخت کر دیا جائے گا۔ تاہم تحریک انصاف کی حکومت سیاسی دباو کے باعث خسارے میں چلنے والے سرکاری اداروں کے مستقبل کے حوالے سے تاحال کوئی ٹھوس فیصلہ نہیں کر پائی۔ جبکہ اب اس تمام صورتحال میں ملائیشیا کے وزیراعظم نے مشورہ دیا ہے کہ خسارے میں چلنے والے تمام ادارے فروخت کر دیے جائیں۔