لاہور(نیوز ڈیسک ) قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر حسن علی نے آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے اہم کھلاڑیوں کو آرام کروانے کا فیصلہ درست قراردیدیا۔ایک انٹر ویو کے دوران24سالہ حسن علی کا کہنا تھا کہ سلیکٹرز، کوچ اور کپتان نے باہمی مشاورت سے فیصلہ کیا، ہم انسان ہیں مشینیں نہیں، میں گزشتہ 6ماہ سے تینوں فارمیٹ میں مسلسل کھیل رہا ہوں، میرے لیے آرام کرنا ضروری ہو گیا تھا،
اب ورلڈکپ جیسے بڑے چیلنج سے قبل ذہنی اور جسمانی طور پر تازہ دم ہو جاؤں گا۔حسن علی نے واضح کیاکہ وکٹ کا جشن منانے کیلئے منفرد انداز سے فٹنس مسائل پیدا نہیں ہوتے، پیسر نے کہاکہ میں نے پرستاروں کیلئے یہ انداز اپنایا تھا،اللہ تعالیٰ نے عزت دی،بچے، بوڑھے سب اس کو پسند کرتے ہیں،زوردار ایکشن کی وجہ سے کبھی فٹنس کا مسئلہ نہیں ہوا،پٹھوں میں کھچاوٹ تو ایک کروٹ سوئے رہنے سے بھی ہوجاتی ہے، بعض اوقات باؤلنگ کرتے ہوئے بھی کھلاڑیوں کی گردن اکڑجاتی ہے،اس کا جشن منانے کے ایکشن کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے ۔حسن علی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں پی ایس ایل میچز کی رونقوں سے زندگی ہی بدل گئی،یو اے ای میں مقابلوں کی دوران سٹیڈیمز میں تھوڑے بہت تماشائی آتے تھے،کراچی میں میلہ لگا تو بھرپور ہوم کراؤڈ کی موجودگی میں ماحول ہی بدل گیا، میں شہر قائد کے باسیوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، لوگ کرکٹ سے لگاؤ رکھتے اور میچ دیکھنا چاہتے ہیں۔









