Friday January 24, 2025

چین کے ساتھ سی پیک کے بعد اب پاکستان کا روس کے ساتھ راہداری منصوبے کا اعلان ۔۔۔مودی سرکار پر سکتہ طاری

چین کے ساتھ سی پیک کے بعد اب پاکستان کا روس کے ساتھ راہداری منصوبے کا اعلان ۔۔۔مودی سرکار پر سکتہ طاری

لاہور (نیوز ڈیسک ) پاکستان کی جانب سے سی پیک کے بعد اب روس کے ساتھ راہداری منصوبے کا اعلان، پاکستان ریلویز کو روس، ترکی، ایران اور افغانستان کے ساتھ منسلک کرنے کا اعلان، منصوبے کیلئے کام کا آغاز جلد کر دیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کی جانب سے پاکستان کیلئے ایک اور تاریخی منصوبے کا اعلان کیا

گیا ہے۔شیخ رشید کا کہنا ہے کہ پاکستان ریلویز کو ترکی ، ایران ، افغانستان اور روس کے ساتھ ملانے جا رہے ہیں ،ترکی اور ایران نے بھی پاکستان ریلوے کو تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے، وزیراعظم سے سرسید اور جناح ایکسپریس کے حوالے سے بات ہوئی ہے،30مارچ کو وزیراعظم جناح ایکسپریس کا افتتاح کریں گے،آئندہ بجٹ میں پاکستان ریلویز کے تمام ملازمین کا ایک گریڈ بڑھانے کی کوشش کروں گا جبکہ ورکشاپ کے تمام مزدوروں کو وزیراعظم پاکستان عمران خان کی طرف سے 3ہزار روپے فی کس دینے کا اعلان کرتا ہوں۔ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ریلوے ورکشاپ مغلپورہ میں نئی چلنے والی نان سٹاپ ٹرین جناح ایکسپریس کے ریک کے معائنے کے بعد مزدوروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ جناح ایکسپریس کا کرایہ 7ہزارروپے رکھا ہے لیکن ریلوے انتظامیہ جتنی مرضی مخالفت کرے سر سید ایکسپریس کا کرایہ 10ہزارروپے رکھوں گا کیونکہ لوگ اچھی سروس کے ساتھ کرایہ بھی خرچ کرنا چاہتے ہیں۔وزیر ریلوے نے کہا کہ ریلوے واحد ادارہ ہے جس میں 10ہزار نوکریاں نکالی گئی ہیں اور کسی محکمے میں

نوکریاں نہیں دی جارہی ہیں۔ ریلوے مزدورں کو ماضی میں کسی نے ترقی نہیں دی، میں نے کہہ دیا ہے کہ اگر کسی افسر نے میرٹ سے ہٹ کر بھرتی کی تو نہیں چھوڑوں گااور بھرتیوں میں ٹی ایل اے ملازمین کو بھی حصہ ملے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں فضول اسٹیشنوں پر 2ارب روپے خرچ کیے گئے۔جہاں سے ریلوے کو پانچ ہزار آمدن بھی نہیں آتی۔ اصل ضرورت لاہور کراچی اور بڑے اسٹیشنوں کو اپ گریڈ کرنے کی ہے۔ لاہور پاکستان ریلوے کی جان ہے اس کو مثالی ریلوے اسٹیشن بنایا جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ ملک کو کرپشن نے تباہ کیا ہے عمران خان کی قیادت میں ریلوے کو کرپشن سے پاک کریں گے۔ ٹی ایل اے ملازمین کو کچھ اس بجٹ میں اور باقی ماندہ کو اگلے بجٹ میں مستقل کریں گے۔ بعد ازاں آنے والا دور ریلوے کیلئے سنہری دور ہوگا۔ اس موقع پر چیئرمین ریلویز سلطان سکندر راجہ ، چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد آفتاب اکبراور ریلوے کے دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔

FOLLOW US