برطانوی میاں بیوی ٹیپو سلطان کی وجہ سے راتوں رات کروڑ پتی بن گئے
لندن(ویب ڈیسک) 1799ءمیں سلطان ٹیپو کی شہادت نے برصغیر پر برطانوی قبضے کو یقینی بنایا تھا اور اب سلطان ٹیپو کے خلاف جنگ لڑنے والے ایک برطانوی فوجی افسر کی اولاد سلطان ٹیپو کی وجہ سے ارب پتی بن گئی ہے۔ دی مرر کے مطابق برطانیہ میں ایک جوڑے کے پاس کچھ قدیم اشیاءتھیں جو نسل درنسل اس خاندان کے پاس چلی آ رہی تھیں اور
اس جوڑے نے ان اشیاءکو سالہا سال سے اخبار میں لپیٹ کر کباڑ خانے میں پھینک رکھا تھا۔ اب جا کر اس جوڑے کو معلوم ہوا ہے کہ یہ اشیا، جن میں 4تلواریں، ایک بندوق، ایک ڈھال اور کئی زیورات شامل ہیں، کروڑوں روپے مالیت کے ہیں کیونکہ یہ ان کے آباؤ اجداد میں شامل ایک شخص نے جنگ میسور میں سلطان ٹیپو کے محل سے لوٹی تھیں اور انہیں اپنے ساتھ واپس برطانیہ لے گیا تھا۔اس برطانوی فوجی افسر کا نام میجر تھامس ہارٹ تھا جس نے چوتھی اینگلو میسور جنگ میں حصہ لیا۔ یہ بندوق، تلواریں اور ڈھال وغیرہ خود سلطان ٹیپو کے استعمال میں رہی تھیں۔ بندوق کو ایک جگہ نقصان بھی پہنچا ہوا ہے جس کے بارے میں ماہرین نے بتایا ہے کہ یہ نقصان کسی برطانوی فوجی کی بندوق سے چلنے والی گولی سے پہنچا، اسی گولی سے سلطان ٹیپو شہید ہوئے تھے۔ جب اس جوڑے نے ان اشیاءکو نیلامی کے لیے پیش کیا تو یہ 60لاکھ پاؤنڈ (تقریباً 1ارب10کروڑ 40لاکھ روپے)کی خطیر قیمت میں فروخت ہو گئیں اور یوں یہ جوڑا بیٹھے بٹھائے راتوں رات ارب پتی بن گیا۔دی مرر کی اس رپورٹ میں اس قیمتی خزانے کے مالک اس جوڑے کے متعلق تفصیلات ظاہر نہیں کی گئیں۔ تاہم اتنا بتایا گیا ہے کہ یہ جوڑا میجر تھامس ہارٹ کی نسل سے ہے۔