Wednesday November 5, 2025

پاک بھارت کشیدگی۔۔ لاہور میں شیڈول پی ایس ایل میچز کو کہاں منتقل کر دیا جائے؟ پی سی بی حکام نے سر جوڑ لئے

پاک بھارت کشیدگی۔۔ لاہور میں شیڈول پی ایس ایل میچز کو کہاں منتقل کر دیا جائے؟ پی سی بی حکام نے سر جوڑ لئے

لاہور(ویب ڈیسک) پاک بھارت کشیدگی کی حالیہ لہر کے پیش نظر پاکستا ن سپر لیگ(پی ایس ایل) کے لاہور میں شیڈول3 میچز کی منتقلی کی تجویز سامنے آگئی ہے۔پی سی بی ذرائع کے مطابق پاکستان سپرلیگ کے قذافی سٹیڈیم، لاہورمیں 9، 10اور 12مارچ کو ہونے والے میچز پر تاحال سوالیہ نشان برقرار ہے، سرحدوں پر ہر دن بدلتی صورت حال کو سامنے رکھتے

ہوئے اس حوالے سے مختلف آپشنز پی سی بی کے ایوانوں میں زیر غور ہیں۔پاکستان میں مجموعی طور لاہور اور کراچی میں 8میچز کھیلے جانے ہیں، پہلا ممکنہ آپشن ان میں سے 4میچز دبئی اور آخری چار میچ کراچی میں کروانے پر تبادلہ خیال ہورہا ہے۔ دوسری تجویز کے مطابق لاہور والے 3میچز بھی نیشنل سٹیڈیم ،کراچی میں رکھے جاسکتے ہیں۔ترجمان پی سی بی سے جب اس بارے میں بات کی گئی تو انھوں نے مختلف آپشنز پر مشاورت کی تصدیق ضرور کی تاہم ان کا کہنا تھا کہ ابھی تک شیڈول تبدیل نہیں ہوا ، ہم حالات کا جائزہ لے رہے ہیں، میچز کی منتقلی یاپروگرام کے مطابق کرانے کا حتمی فیصلہ پیر تک سامنے آجائیگا۔یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے زیر اہتمام پاکستان سپر لیگ کا چوتھا ایڈیشن 14 فروری سے یو اے ای اور پاکستان میں شروع ہوگیا ہے ، لیگ کا فائنل 17مارچ کو نیشنل سٹیڈیم، کراچی میں کھیلا جائے گا، لیگ میں 6 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے پنجہ آزمائی کریں گی، لیگ راؤنڈ روبن فارمیٹ کے تحت کھیلی جائےگی۔