ملک کی سب سے بڑی مذہبی سیاسی پارٹی جماعت اسلامی آئندہ الیکشن میں کس کا ساتھ دے گیاعلان ہو گیا
اسلام آباد(آئی این پی ) امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے آئندہ کسی بھی انتخابی عمل میں دیگر سیاسی پارٹیوں سے الحاق نہ کرنے کا اعلان کرتے ہو ئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی یکم مارچ سے رابطہ عوام مہم کے تحت50 لاکھ گھروں تک اپنا پیغام پہنچائے گی، اتوار کے روز نائب امیر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم کی رہائش گاہ پر منعقدہ
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ ہمارے نااہل حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کے نتیجے میں پاکستان دولخت ہوا،70 سالوں سے ملک اشرافیہ کے ہاتھوں یرغمال ہے،آج بھی وہی اشرافیہ برسر اقتدار ہے جنہوں نے پاکستان بننے سے پہلے انگریز کا ساتھ دیا اور مراعات لیں،پی ٹی آئی ماضی کی حکومتوں کی طرح عوام کی زندگی میں کوئی تبدیلی نہیں لاسکی اور سات ماہ میں حکومت نے مدینہ کی اسلامی ریاست کے لیے ایک قدم بھی نہیں اٹھایا،سراج الحق نے کہاکہ مدینہ کی اسلامی ریاست میں بھوک، ننگ، افلاس، ظلم، قتل و غارت اور بچوں کے سامنے والدین کے لاشے نہیں گرتے۔نوجوان ڈگری ہولڈر آج ڈگریاں جلانے پر مجبور ہیں،غربت، بے روزگاری اور بدامنی سے لڑنے کی بجائے حکومت آپس میں دست و گریباں ہے،وزراء ادارے کو ٹھیک کرنے کی بجائے وقتی میک اپ کر کے اداروں کا بیڑہ غرق کر رہے ہیں۔مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی 4،4 باریاں لے چکے ہیں،موجودہ حکومت بھی مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی کے لوگوں کا نیا ورڑن ہے۔انہوں نے بتایاکہ جماعت اسلامی رابطہ عوام مہم کے زریعے سکھ، عیسائی اور تمام اقلیتوں کے مسائل کی نشاندہی بھی کرے گی۔انہوں نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی آئندہ انتخاب کسی اتحاد کے بغیر اپنے جھنڈے تلے لڑے گی۔کرپٹ اشرافیہ ملکی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔کرپٹ اشرافیہ نے ملک کو ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کی زنجیروں میں جکڑا ہے۔