کرکٹ ورلڈ کپ میں بھارت اور پاکستان کا میچ ہو گایا نہیں آئی سی سی نے بھی بیان جاری کر دیا
لندن(آئی این پی) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی ) کے سی ای او ڈیوڈ رچرڈسن نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ کے تمام میچز شیڈول کے مطابق کھیلے جائیں گے اور پاک بھارت میچز نہ کھیلے جانے سے متعلق کوئی اشارے نہیں ملے۔پاکستان اور بھارت کے درمیان پلوامہ واقعے کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی دیکھی جارہی ہے اور اس صورتحال میں بھارتی
سابق کرکٹرز اور عوام کی جانب سے بھارتی حکومت پر دبا ڈالا جارہا تھا کہ ورلڈ کپ میں پاکستان کے ساتھ نہ کھیلا جائے۔ موجودہ صورتحال پر آئی سی سی کے سی ای او ڈیوڈ رچرڈسن کا کہنا ہے کہ ہم بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی)اور پی سی بی کے ساتھ صورتحال مانیٹر کررہے ہیں تاہم ورلڈ کپ کے تمام میچز شیڈول کے مطابق کھیلے جائیں گے۔ڈیوڈ رچرڈسن نے کہا کہ گورننگ باڈی کے پاس ورلڈکپ شیڈول میں تبدیلی کا کوئی جواز نہیں، ہم نے ابھی تک بورڈز کو نہیں لکھا ہے، تمام مقابلے شیڈول کے مطابق ہوں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ کھیل اور خاص طور پر کرکٹ لوگوں کو قریب لانے کا ذریعے ہے اور ہم اپنے ممبرز ممالک کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ ورلڈ کپ ٹورنامنٹ ڈائریکٹر اسٹیو ایلورتھی کا کہنا ہے کہ پاک بھارت میچ اس ٹورنامنٹ کا سب سے نمایاں مقابلہ ہوگا، اس مقابلے کے حوالے سے کافی جوش وخروش پایا جاتا ہے، اس کوکروڑوں لوگ دیکھتے اور اس کی ٹکٹوں کیلیے ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے اپلائی کیا۔واضح رہے کہ ڈیورچرڈسن اور ایلورتھی کو اس حوالے سے ایسا کوئی بھی خدشہ نہیں کہ پاک بھارت میچ منسوخ ہوسکتا ہے۔









