نوازشریف واپس لندن اپنے فلیٹس میں جانا چاہتے ہیں
لاہور(آئی این پی ) وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ بھارت خود دہشت گردی کرواتا ہے اور الزام پاکستان کے سر ڈالتا ہے، پلوامہ کا بنیادی ڈراپ سین یہ ہے کہ اس سال الیکشن ہو رہے ہیں، مودی کی پارٹی اپنی اہمیت اور حیثیت کھو چکی ہے، نواز شریف کا پہلے رونا تھا مجھے کیوں نکالا اب رونا ہے مجھے کیوں سنبھالا، نواز شریف لندن میں اپنے
فلیٹس جانا چاہتے ہیں۔پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی بھارت کو عالمی سطح پرفائدہ لینا ہوتا ہے دہشت گردی کرواتا ہے، بھارت خود دہشت گردی کرواتا ہے اور الزام پاکستان کے سر ڈالتا ہے۔فیاض چوہان نے کہا کہ بھارتی پارلیمنٹ پر حملہ ہو یا اڑی ایسے کئی واقعات ہیں، سمجھوتہ ایکسپریس پر حملے میں بھی بھارت کے ہی لوگ ملوث تھے۔ بھارت ایسی تنظیموں کا نام لیتا ہے جن کا وجود ہی نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ افضل گرو کو پھانسی دی گئی اور الزام لگایا پاکستانی تھا۔ ممبئی دھماکے مخصوص قانون پاس کروانے کے لیے کروائے گئے۔ پلوامہ کا بنیادی ڈراپ سین یہ ہے کہ اس سال الیکشن ہو رہے ہیں۔ مودی کی پارٹی اپنی اہمیت اور حیثیت کھو چکی ہے۔وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ 5 ریاستوں میں شکست کے بعد دوبارہ اہمیت حاصل کرنا چاہتے ہیں، مودی حکومت نے واقعہ خود کروایا اور الزام پاکستان پر لگایا۔ وزیر اعظم نے احترام کے ساتھ بھارت سے پوچھا ثبوت دیں، وزیر اعظم نے کہا کہ جارحیت کی تو سوچیں گے نہیں جواب دیں گے۔انہوں نے کہا کہ پہلے دن کہا تھا احتساب کا کدو کٹے گا اور سب میں بٹے گا، ہم کوشش کر رہے ہیں پولیس کے نظام کو بہتر کیا جائے۔ نواز شریف کا پہلے رونا تھا مجھے کیوں نکالا اب رونا ہے مجھے کیوں سنبھالا۔ نواز شریف لندن میں اپنے فلیٹس جانا چاہتے ہیں۔