Wednesday November 5, 2025

پاکستان کے ساتھ ورلڈ کپ میچ نہیں کھیلیں گے بھارت نے اعلان کر دیا

پاکستان کے ساتھ ورلڈ کپ میچ نہیں کھیلیں گے بھارت نے اعلان کر دیا

ممبئی (آئی این پی) بھارت میں ورلڈ کپ2019میں پاکستان کے بائیکاٹ کا مطالبہ زور پکڑنے لگا۔بھارتی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آف اسپنر ہر بھجن سنگھ نے بھارت سے رواں سال جون میں ہونے والے ورلڈ کپ میں پاکستان کا بائیکاٹ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہپاکستان سرحد پار دہشت گردی پھیلا رہا ہے۔ ہمارے جوانوں کا خون بہت قیمتی ہے ، ہم

اسے ضائع ہونے نہیں دیں گے،ہم ہر حال میں اپنے ملک کے ساتھ کھڑے رہیں گے،آج ہم اپنے سپاہیوں کی بدولت زندہ ہیں اسی لیے ہم شہیدوں کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت کو پاکستان کے ساتھ ہر گِز ورلڈ کپ میچ نہیں کھیلنا چاہیے، ہمارا دیش پہلے ہے، ہمیں پڑوسی ملک سے کسی قسم کا بھی رشتہ رکھنے کی ضرورت نہیں۔ کھیل ہمارے لیے ضروری نہیں ہمارا ملک ہمارے لئے اہم ہے۔انہوں نے پاکستان کے خلاف مزید زہر اگلتے ہوئے کہا کہ بھارت اورپاکستان کے درمیان اگر ورلڈ کپ نہ بھی ہو تو بھارت کو کوئی فرق نہیں پڑتا، بھارت خود بہت مضبوط ہے۔دوسری جانب آئی پی ایل کمشنرراجیوشکلا کا کہنا ہے کہ جو ملک دہشتگردی کو سپورٹ کرتا ہو، اس سے نہیں کھیلنا۔ پلوامہ حملے کے بعد بھی ہماری پوزیشن کلیئر ہے کہ وہ پاکستان سے باہمی سیریز نہیں کھیلنا چاہتے ،کھیل کو تمام چیزوں پر سبقت حاصل ہے لیکن اگر کوئی دہشتگردی کی حمایت کرے توپھر یقینا اس سے کھیل بھی متاثر ہوگا ۔کانگریس کے رہنما راجیو شکلا نے ایک سوال پر کہا کہ آئی سی سی ورلڈ کپ میں پاکستان کے ساتھ میچ کھیلنے یا نہ کھیلنے کے بارے میں ابھی نہیں بتا سکتے، ورلڈ کپ ابھی دورہے دیکھتے ہیں کیا کرنا چاہیے۔رواں سال انگلینڈ میں ہونے والے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے لیگ میچ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 16جون کومانچسٹر میں آمنے سامنے ہوں گی۔