Tuesday July 8, 2025

یہ 2کھلاڑی چل گئے توورلڈ کپ پاکستان کے ہاتھ میں ہوگا یہ 2کرکٹرز کون ہیں؟کوچ مکی آرتھرنے نام بتادیا

یہ 2کھلاڑی چل گئے توورلڈ کپ پاکستان کے ہاتھ میں ہوگا یہ 2کرکٹرز کون ہیں؟کوچ مکی آرتھرنے نام بتادیا

لاہور(ویب ڈیسک) امیدوں کا محور تبدیل کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کو اب ورلڈ کپ میں سینئرز کے چمکنے کا انتظار ہے ،ان کا کہنا ہے کہ محمد حفیظ اور شعیب ملک کیلئے رواں سال میگاایونٹ غیر معمولی ثابت ہو سکتا ہے ،ان کی کارکردگی اچھی رہی تو زائد سکور کی بدولت حریف ٹیموں پر دباؤ ڈالنا ممکن ہو سکے گا،محمد عامر

کی ون ڈے فارم پر کافی پریشانی لاحق ہے ،ہماری طرح وہ بھی اس بات سے واقف ہے ،بال سوئنگ ہونے لگے تو پھر اس سے اچھا باؤلر کوئی بھی نہیں ہو سکتا۔تفصیلات کے مطابق حالیہ عرصے میں جونیئر اور نئے کھلاڑیوں پر داؤ کھیلنے کے بعد آخرکار ہیڈ کوچ مکی آرتھر کو سینئر کھلاڑیوں کا بھی خیال آ ہی گیا جنہوں نے اعتراف کیا ہے کہ محمد حفیظ اور شعیب ملک کیلئے رواں سال ورلڈ کپ غیر معمولی ایونٹ ثابت ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ محمد حفیظ اور شعیب ملک مڈل آرڈر میں انتہائی اہم بیٹسمین ہیں جن کی سپن باؤلنگ کی صلاحیت سے بھی ضرورت کے وقت عالمی کپ میں استفادہ کیا جائے گا۔مکی آرتھر کو یقین ہے کہ ورلڈ کپ میں سینئر کھلاڑی اپنا بھرپور کردار نبھائیں گے کیونکہ بڑے ایونٹس میں ایسے کھلاڑیوں کی ضرورت ہوتی ہے جو پہلے بھی اس امتحان سے گزر کر بہترین کھیل پیش کر چکے ہوں اور امید ہے کہ محمد حفیظ اور شعیب ملک اپنا موثر کردار ادا کریں گے۔ مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ اگرچہ محمد عامر کے اعداد و شمار مثالی نہیں لیکن بعض اوقات چھٹی حس کسی باؤلر پر بھروسہ کرنے پر اکساتی ہے اور جنوبی افریقہ میں اہم موقع پر محمد عامر کی جانب سے عمدہ باؤلنگ پر انہیں اطمینان حاصل ہوا ہے کہ وہ ضرورت کے وقت اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر سکتے ہیں۔