تھری ڈی کے ذریعے گھر بیٹھے مشاعر مقدسہ کا دیدار ممکن
مکہ مکرمہ(نیوزڈیسک) حرمین شریفین اور مشاعر مقدسہ کا دیدار ہر مسلمان کی دلی خواہش ہوتی ہے مگر ہر ایک کے لیے وہاں پہنچنا ممکن نہیں ہوتا، ماضی قریب میں آئسوٹوپ دوربینوں کی مدد سے مشاعر مقدسہ سے دورمسلمان مقدس مقامات کی زیارت کر کے اپنے دل کو ٹھنڈک پہنچاتے مگر اب وہی ٹیکنالوجی ایک نئی شکل میں ہمارے سامنے ویڈیوز کی
شکل میں موجود ہے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق سعودی عرب کے ایک نوجوان نے تھری ڈی ٹیکنالوجی کا استعمال کر کے ہارڈ تصویری فلموں کے بجائے انہیں ویڈیوز کی شکل دے دی ہے جس کے بعد ضیوف الرحمان اپنی سیٹ پر بیٹھ کر مکہ اور مدینہ اوروہاں پائے جانے والے مشاعر کی زیارت کر سکتے ہیں۔تھری ڈی ٹیکنالوجی کی مدد سے حرمین شریفین کے مناظر کو ویڈیوز کی شکل میں دکھانے کا تخیل سعودی نوجوان فیصل الشریف کا ہے۔ انہوں نے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال کر کے تیار کردہ فوٹیجز کی مدد سے کوئی بھی زائر کم وقت میں زیادہ سے زیادہ مقامات کی زیارت کر سکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس نے مکہ معظمہ اور مدینہ منورہ کے اہم تاریخی مقامات اور مشاعر کو اس انداز میں پیش کیا ہے کہ انہیں دیکھنے والا خود کو وہاں پر موجود محسوس کرتا ہے۔ ان مقامات تک عام حالات میں بچوں، خواتین، بوڑھے افراد اور معذور لوگوں کا پہنچنا مشکل ہوتا ہے، ان کی سہولت کی خاطران مقامات کی مکمل معلومات اور ان کے مناظر دکھائے جاتے ہیں۔