نوجوان خاتون ٹیچر نے اپنی شادی کے بعد ہنی مون پر جانے کیلئے چھٹیوں کیلئے ایسی درخواست لکھ دی کہ افسر مسترد ہی نہ کر پائے ، پڑھ کر آپ بھی ہنس پڑیں گے، درخواست سو شل میڈیا پر وائرل ہو گئی
لاہور (نیوز ڈیسک ) شادی کے بعد دلہا اور دولہن اکثر اوقات سیر سپاٹے کیلئے جاتے ہیں اور ایک دوسرے کو سمجھنے کیلئے وقت گزارتے ہیں جسے ہم ’ہنی مون ‘ کا نام دیتے ہیں تاہم ایسی ہی صورتحال سے دوچار ایک نوجوان خاتون نے بھی اپنے محکمے میں چھٹیوں کیلئے درخواست دی جو کہ سوشل میڈیا پرآگئی اور ہر طرف دھوم مچ گئی ہے ۔تفصیلات کے مطابق
امینہ سواب گل نامی خاتون ٹیچر جو کہ گورنمنٹ گرلز ہائی سکول میں پڑھاتی ہیں ، کی حال ہی میں شادی ہوئی ہے اور اس حوالے سے انہوں نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کو ہنی مون پر جانے کیلئے چھٹیاں حاصل کرنے کیلئے درخواست لکھی جو کہ قبول کر لی گئی ہے لیکن اس کے متن نے لوگوں کی توجہ حاصل کر لی ہے ۔ خاتون ٹیچرنے اپنی درخواست میں لکھا کہ جیسا کہ آپ جانتے ہیں میری حال ہی میں شادی ہوئی ہے ، شادہ شدہ ہونے کے ناطے آپ اس کو سمجھتی ہیں کہ نئے نویلے جوڑے کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ اپنے ہنی مون کو یاد گار بنائیں جس کی حسین یادیں زندگی کا حصہ بن جائیں اور ایسی ہی کچھ ہماری بھی خواہش ہے ۔میں نے اپنے شوہر سے وعدہ کر لیا ہے کہ ہم دو ہفتوں کیلئے ہنی مون پر جائیں گے جو کہ 14 فروری سے شروع ہو کر28 فروری 2019 تک جاری رہے گا جس دوران ہم اپنا زیادہ وقت نتھیا گلی ،مری ،سوات ویلی اور مالم جبہ میں گزاریں گے ۔ خاتون ٹیچر کا کہناتھا کہ ہم نے اس حوالے سے منصوبہ بندی بھی کر لی ہے اس لیے میں آپ کی شکرگزار ہوں گی کہ آپ مجھے دو ہفتوں کی چھٹی عنایت فرمائیں تاکہ میں اپنے شوہر سے کیے گئے وعدے کی پاسداری کر سکوں اور اپنے خوابوں کو عملی جامہ پہنا سکوں ۔ مجھے امید ہے کہ آپ کی جانب سے مثبت جواب آ ئے گا ۔