Thursday September 18, 2025

محمدعامر پاکستان کا نمبر ون بائولر نہیں ہے جنوبی افریقہ میں عامر کی جگہ کس کو کھلایا جانا چاہیے تھا سابق فاسٹ بائولر کا بیان جاری ہوگیا

محمدعامر پاکستان کا نمبر ون بائولر نہیں ہے جنوبی افریقہ میں عامر کی جگہ کس کو کھلایا جانا چاہیے تھا سابق فاسٹ بائولر کا بیان جاری ہوگیا

لاہور(آئی این پی)سابق قومی فاسٹ بالر عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقہ کیخلاف ون ڈے سیریز میں فاسٹ بالر محمد عامر کو موقع دینے کا کوئی جواز نہیں تھا،حسن علی کو ڈراپ کرنے کی بجائے محمد عامر کو جنوبی افریقہ کیخلاف ون ڈے سیریز میں آرام کرانا چاہئے تھا۔میڈیا سے گفتگو میں عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ کم بیک کرنے کے بعد محمد عامر کی کارکردگی میں تسلسل کا فقدان ہے لہذا ان کی جگہ

قومی ٹیم میں حسن علی کو مستقل مواقع دینے کی ضرورت تھی جن کو ورلڈ کپ کیلئے تیار کرنا زیادہ سودمند رہے گا۔انہوں نے کہا کہ محمد عامر وکٹ کے حصول میں کامیاب نہیں ہو رہے جبکہ حسن علی گرین شرٹس کو بریک تھرو دلانے والے آزمودہ کار بالر ہیں۔ عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ محمد عامر کو قومی کرکٹ ٹیم کا نمبر ون پیسر کہنا بھی درست نہیں ہو گا کیونکہ انہیں صرف رنز روکنے کے لیے ہی استعمال کیا جا رہا ہے اور ان کی جانب سے گزشتہ دس ون ڈے میچوں میں محض دو وکٹیں کسی طرح بھی قابل قبول نہیں کہی جا سکتیں کیونکہ میچز وکٹ لینے والے بالرز کے سہارے جیتے جاتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ورلڈ کپ سر پر ہے لہذا میگا ایونٹ سے قبل قومی ٹیم انتظامیہ کو بہتر پلاننگ درکار ہے اور انگلینڈ میں پیسرز کا کردار چونکہ بہت زیادہ اہم ہوگا لہذا ان کا درست انتخاب بھی لازمی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ چھ ون ڈے میچوں میں محمد عامر ایک وکٹ ہی حاصل کرسکے جب کہ متعدد باران کیلئے اپنے کوٹے کے دس اوورز کرانا بھی ممکن نہیں رہا۔