Wednesday November 27, 2024

سرکاری ملازمین کے لیے خوشخبری

سرکاری ملازمین کے لیے خوشخبری

اسلام آباد (نیوزڈیسک) : سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی سفارش کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق آج بروز جمعرات چیئرمین فاروق نائیک کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں کمیٹی نے سرکاری ملازمین کی بنیادی تنخواہ میں 10 فیصد اضافے کی سفارش بھی کی۔ اس حوالے سے سینیٹر خانزادہ خان نے کہا

کہ مہنگائی میں اضافہ ہوا، لہٰذا سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے۔ کمیٹی رکن عائشہ رضا نے کہا کہ سرمایہ داروں کے لیے بجٹ میں ریلیف ہے لیکن ملازمین کے لیے نہیں ہے تاہم وزارت خزانہ نے تنخواہ میں اضافے کی تجویز کی مخالفت کی۔ ایڈیشنل سیکریٹری وزارت خزانہ نے کہا کہ مالی خسارے کی صورتحال سب کے سامنے ہے، تنخواہ میں اضافے کے لیے مالی گنجائش نہیں ہے۔ اضافے کی تجویز آئندہ سال کے بجٹ میں پیش کی جانی چاہئیے۔ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں فنانس ترمیمی بل پر بھی غور کیا گیا۔ کمیٹی نے بلوچستان میں نکلنے والے کوئلے پر سیلز ٹیکس میں کمی کی سفارش کی تاہم فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) حکام کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے کوئلے پر 425 روپے فی میٹرک ٹن سیلز ٹیکس عائد ہے، یہ سیلز ٹیکس پہلے ہی بہت کم ہے۔ اجلاس کے دوران ایف بی آر حکام کا کہنا تھا کہ نئے بجٹ میں دیگر علاقوں میں کوئلہ پر سیلز ٹیکس بڑھانے کی تجویز دیں گے۔ حکام کے مطابق گذشتہ برس ملک میں 7 کروڑ کلو گرام تمباکو کی پیداوار ہوئی، جو پیداوار ہوئی اس میں 1 کروڑ کلو گرام تمباکو برآمد کیا گیا۔ ساڑھے 4 کروڑ کلو گرام تمباکو کمپنیوں

نے خریدا، ڈیڑھ کروڑ کلو گرام تمباکو کہاں گیا کچھ پتہ نہیں۔ اجلاس میں منصوبہ بندی کمیشن کی جانب سے کہا گیا کہ بلوچستان کے ڈیموں کے لیے 5 ارب روپے جاری کریں گے۔ اجلاس میں اسٹیٹ بینک حکام نے اسلامی بینکنگ سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اسلامی بینکنگ کے فروغ کے لیے 2001ء سے اقدامات کر رہے ہیں، اسلامی بینکنگ برانچز کی تعداد بڑھ کر 2850 ہوگی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اسٹیٹ بینک حکام کا کہنا تھا کہ زرعی ترقیاتی بینک نے اسلامی بینکنگ کا آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔

FOLLOW US