پاکستانی کرکٹ ٹیم کی ٹی ٹوئنٹی میں نمبر ون پوزیشن اگر جنوبی افریقہ سےشکست ہو گئی تو کیا فرق پڑے گا
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین ٹی ٹوئنٹی سیریز کل سے شروع ہو گی ۔سیریز کے نتائج کی صورتحال پوائنٹس ٹیبل پر کس طرح اثر انداز ہو گی اس بارے میں ایک اہم رپورٹ سامنے آگئی ہے۔پاکستانی ٹیم اس وقت آئی سی سی ٹی ٹونٹی رینکنگ میں138پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر براجمان ہے جب کہ بھارت126پوائنٹس کے ساتھ
دوسرے نمبر پر موجود ہے،جنوبی افریقی ٹیم114پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر براجمان ہے اور دونوں ٹیموں کے مابین24پوائنٹس کا فرق پاکستان کو اس سیریز کے لیے فیورٹ ظاہر کررہا ہے ،یکم فروری سے شروع ہونے والی اس سیریز میں پاکستان کی پہلی پوزیشن پر کوئی خطرہ لاحق نہیں ہے اور اگر قومی ٹیم اس سیریز میں کلین سویپ کی خفت سے بھی دوچار ہوتی ہے تب بھی اس کی پہلی پوزیشن کو کوئی خطرہ نہیں ہے ،دوسری پوزیشن پر موجود بھارتی ٹیم نیوزی لینڈکے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے تینوں میچز جیت کر بھی پاکستان کی پہلی پوزیشن نہیں چھین سکتی ہے ۔پاکستان کو اپنے رینکنگ پوائنٹس بڑھانے کے لیے جنو بی افریقہ کے خلاف تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز میں وائٹ واش کرنا ہوگا کیوں کہ ا س سیریز میں 2-0سے کامیابی کی صورت میں بھی پاکستانی ٹیم کے پوائنٹس 138ہی رہیں گے ،جنوبی افریقی ٹیم کے پاس موقع ہوگا جو عالمی نمبر ایک پاکستان کے خلاف کسی بھی مارجن سے کامیابی حاصل کرنے کی صور ت میں رینکنگ میں پانچویں سے تیسری پوزیشن پر آسکتی ہے۔