نوکریاں چھوڑ کر بکریاں چرانے والی لڑکیوں نے سوشل میڈیا پر دھوم مچادی
لندن(ویب ڈیسک) لوگ بہتر زندگی کی جستجو میں دیہاتوں سے شہروں کا رخ کرتے ہیں لیکن بعض لوگ ایسے ہوتے ہیں جنہیں فطرت کی محبت شہروں سے دیہاتوں کی طرف کھینچ لاتی ہے۔ آج ہم آپ کو لڑکیوں کے ایک ایسے ہی گروپ سے متعارف کرانے جا رہے ہیں جنہوں نے شہر کی زندگی ترک کرکے دیہات کا رخ کیا اور اب وہاں بھیڑ بکریاں پال رہی ہیں اور ان
کی تصاویر نے سوشل میڈیا پردھوم مچا رکھی ہے۔ میل آن لائن کے مطابق ان لڑکیوں میں ویسٹ سسیکس کی 31سالہ لورا ہڈکنز، کمبریا کی 19سالہ میڈسٹون کی 28سالہ زوئی کولوائل، نوٹنگھم شائر کی 40سالہ الزبتھ نیفسے، لندن کی 37سالہ کیٹی ایلن، کمبریا کی 26سالہ ہینا جیکسن، سسیکس کی 28سالہ گالا بیلے بیکر، 27سالہ کیٹی ڈیوس اور لنکن شائر کی 23سالہ ہیریٹ فوسٹر تھورنٹن شامل ہیں۔ یہ تمام لڑکیاں تعلیم یافتہ اور شہروں میں اچھی نوکریاں کر رہی تھیں لیکن پھر انہیں دیہی ماحول اور فطرت کی قربت کا شوق چرایا اور انہوں نے مختلف علاقوں میں جا کر بھیڑبکریاں چرانی شروع کر دی۔یہ تمام لڑکیاں اپنے دن بھر کے معمولات تصاویر کی شکل میں اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹس پر دنیا سے شیئر کرتی ہیں۔ ان تصاویر میں وہ بھیڑوں کو چراتی، ان کی دیکھ بھال کرتی اور ان کے میمنوں کے ساتھ کھیلتی دکھائی دیتی ہیں۔ان میں سے لورا ہڈکنز ہی کی مثال لیں۔ ایک وقت تھا کہ وہ لندن میں مارکیٹنگ اینڈ ایڈورٹائزنگ کے شعبے میں اچھی نوکری کرتی تھی۔ پھر اس کی ملاقات اینڈی سپارکڈ نامی ایک کسان سے ہوئی اور اسے دیہی زندگی سے محبت ہو گئی۔ 2016ءمیں اس
نے 700ایکڑکی زرعی زمین کی فروخت کا اشتہار دیکھا اور بولی دینے پہنچ گئی۔ وہ بولی جیت گئی اورفارم ہاؤس خرید لیا۔ تب سے وہ شہر کی زندگی چھوڑ چھاڑ کر اس فارم ہاؤس پر رہتی ہے۔ دن بھر بھیڑ بکریاں چراتی ہے۔ 2017ءمیں اس نے اینڈی سے شادی کر لی تھی اور اب دونوں مل کر اس فارم ہاؤس کو چلا رہے ہیں۔