” باپ کی بیماری کے بعد 2 نوجوان بہنیں لڑکا بن گئیں اور 4 سال تک ۔۔۔“ ایسی کہانی سامنے آگئی کہ آپ بھی داد دیں گے
کوشی نگر (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع کوشی نگر میں 2 بہنوں نے عزم و ہمت کی نئی مثال قائم کردی۔ باپ بیمار ہوا تو دونوں بہنوں نے لڑکوں کا روپ دھارا اور اپنے باپ کی دکان سنبھال لی، 4 سال تک کسی کو پتا نہ چلا کہ یہ درحقیقت لڑکیاں ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اتر پردیش کے ضلع کوشی نگر میں 18 سالہ جیوتی کماری اور 16
سالہ نیہا کماری کے والد حجام کا کام کرتے تھے۔ 2014 میں ان کے والد دھروو نارائن سخت بیمار ہوگئے اور بستر سے جالگے جس کے باعث گھر میں فاقوں کی نوبت آگئی۔ یہی وہ وقت تھا جب جیوتی اور نیہا نے اپنے باپ کا کاروبار سنبھالا اور دکان پر قینچیاں سنبھال لیں۔ کچھ روز تک انہوں نے لڑکیوں کے طور پر ہی کام کیا لیکن جب لوگوں کی چبھتی نظروں کا سامنا کرنا پڑا تو انہوں نے بال منڈوا کر ہاتھوں میں کڑے پہن لیے۔ دونوں بہنوں نے جیوتی اور نیہا کو گھر تک محدود کردیا اور دیپک اور راجو کے نئے نام سے دوبارہ اپنے باپ کی دکان سنبھال لی۔4 سال تک جیوتی اور نیہا نے اپنے باپ کا کاروبار سنبھالے رکھا جس کے بعد ان کی اس کہانی کی خبر ریاست کی حکومت کو پڑی ۔ اتر پردیش کی حکومت نے دونوں بہنوں کی نہ صرف مالی مدد کی بلکہ مقامی رکن اسمبلی مانی ترپتھی نے بھی انہیں امداد فراہم کی۔ کوشی نگر کے سب ڈویژنل مجسٹریٹ نے دونوں بہنوں کو امداد کا چیک دیتے ہوئے یہ بھی یقین دہانی کرائی کہ انہیں ریاستی حکومت کی جانب سے بیوٹی پارلر بنا کر دیا جائے گا۔