جنوبی افریقہ کے خلاف آج دوسرا ٹیسٹ میچ کیپ ٹائون کے میدان پر پاکستان کا ریکارڈ کیسا ہے میچ سے پہلے ہی اہم رپورٹ جاری ہو گئی
کیپ ٹائون(آئی این پی) پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 3ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا ٹیسٹ (آج)جمعرات سے کیپ ٹاون میں کھیلا جائے گا، میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہرڈیڑھ بجے شروع ہوگا۔ قومی ٹیم میں سینئربیٹسمین اظہرعلی اوراسدشفیق کوایک اورموقع دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے،محمد عباس کی ٹیم میں واپسی ہو گی جن کو حسن علی کی جگہ ٹیم میں شامل کیا جائے گا ۔جنوبی افریقن ٹیم کی فائنل
الیون میں فاسٹ بولرورنن فلینڈرکی واپسی ہو گی، کیپ ٹائون میں پاکستان کا ریکارڈ اچھا نہیں، گرین کیپس نے اس میدان میں 3 ٹیسٹ کھیلے اور ایک بھی نہیں جیتا۔تفصیلات کے مطابق (آج) سے کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں جیت کے لیے کھلاڑیوں نے بھرپور تیاری کی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حارث سہیل بدستور ان فٹ ہیں جبکہ بیٹنگ میں اسد شفیق کو ایک اور چانس ملنے کا امکان ہے۔اسد شفیق کو برقرار رکھنے پر کچھ تحفظات آرہے ہیں لیکن کپتان سرفراز احمد ان کی حمایت کررہے ہیں۔ذرائع کے مطابق بولنگ میں محمد عباس کی فائنل الیون میں واپسی ہوگی۔خیال رہے کہ کیپ ٹائون میں پاکستان کا ریکارڈ اچھا نہیں ہے، گرین کیپس نے اس میدان میں تین ٹیسٹ کھیلے اور ایک بھی نہیں جیتا۔ نیو لینڈز کیپ ٹان میں پاکستان کا ریکارڈ اچھا نہیں، اس گرانڈ پر دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ ہوئے ہیں اور تینوں میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو شکست دی، 2003میں پاکستان کو اننگز اور 142رنز، 2007میں پانچ وکٹوں اور
2013میں چار وکٹوں سے ہرایا، اس میچ میں اسد شفیق اور یونس خان کی سنچریاں بھی پاکستان کو ہار سے نہ بچا سکی تھیں۔پاکستان نے آج تک جنوبی افریقا کی سرزمین پر کوئی سیریز نہیں جیتی، اگر جنوبی افریقا نے دوسرا ٹیسٹ بھی جیت لیا تو وہ ہوم گرانڈ پر پاکستان کے خلاف پانچویں سیریز جیت لے گی۔ اس سے قبل 1994میں جنوبی افریقا نے ایک صفر،2002میں دو صفر، 2007میں دو ایک اور 2013میں مصباح الحق کی پاکستانی ٹیم کے خلاف تین صفر سے کامیابی حاصل کی تھی۔1997میں پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان سیریز ایک ایک سے برا بر رہی تھی، 2003میں پاکستان نے ہوم گرانڈ پر جنوبی افریقا کے خلاف واحد سیریز ایک صفر سے جیتی تھی۔جنوبی افریقا کے اسٹرائیک بولر ورنن فیلینڈر کے زخمی ہونے کے بعد اولیوئیر کو کھیلنے کا موقع دیا گیا تھا، فیلنڈر اب فٹ ہوگئے ہیں۔کیپ ٹاون میں فلینڈر نے 9ٹیسٹ میچوں میں 16کی اوسط سے 49وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔دوسرے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقا، پاکستان کے خلاف اسپن بولر بھی کھلانا چاہتا ہے اور یہ ذمہ داری کیشو مہاراج پوری کریں گے اور پاکستان یاسر شاہ کو ٹرمپ کارڈ کے طور پر کھلائے گا۔









