سرفراز احمد سے قومی ٹیم کی کپتانی واپس لے لیے جانے کا امکان
سنچورین(نیوزڈیسک) سرفراز احمد سے قومی ٹیم کی کپتانی واپس لے لیے جانے کا امکان، سینچورین ٹیسٹ یا جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز میں ناکامی کی صورت میں سرفراز سے ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی واپس لے لیے جانے پر غور۔ تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد ایشیاءسے باہر فاسٹ باﺅلر محمد عامر سے بھی برے بلے باز ثابت ہونے لگے
،عامر اوور سیز کنڈیشنز میں اب تک سرفراز احمد سے600زیادہ گیندیں کھیل چکے ہیں ۔ سرفراز احمد نے اوور سیز کنڈیشنز میں ابتک34اننگز میں1086گیندیں کھیلیں ہیں اور فی اننگز 31.94گیندیں کھیلی ہیں جب کہ فاسٹ باﺅلر محمد عامر اب تک48اننگز میں 1640گیندیں کھیل چکے ہیں اور فی اننگز ان کی گیندیں کھیلنے کی اوسط 34.17رہی ہے۔ سرفراز احمد کی اس مایوس کارکردگی کا مظاہرہ آج بھی دیکھنے میں آیا۔ جنوبی افریقا کےخلاف پہلے ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم 181 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ پاکستان کی اننگ کے دوران کپتان سرفراز احمد بھی صفر کی خفت سے دوچار ہوکر پوویلین لوٹے۔ سرفراز احمد کی اس مایوس کن کارکردگی کے بعد ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مصباح الحق اور یونس خان کی رخصت کے بعد سے پاکستان کی ٹیسٹ میچز میں کارکردگی بے حد مایوس کن رہی ہے۔ سرفراز احمد کی کپتانی میں پاکستان ناصرف پہلی مرتبہ متحدہ عرب امارات میں کسی ٹیسٹ سیریز میں شکست سو دوچار ہوا، بلکہ نیوزی لینڈ کے ہاتھوں بھی پاکستان پہلی مرتبہ ہوم سیریز ہارا۔ گزشتہ ڈیڑھ برس کے دوران کپتان سرفراز احمد کی بطور کپتان اور
بلے بازی کارکردگی بے حد بری رہی ہے۔ اسی باعث اب سرفراز احمد سے ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی واپس لیے جانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقہ کیخلاف سینچورین ٹیسٹ میچ یا ٹیسٹ سیریز ہارنے کی صورت میں سرفراز احمد ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی سے ہاتھ دھو سکتے ہیں۔ تاہم اس حوالے سے پی سی بی حکام نے کسی قسم کی تصدیق نہیں کی۔









