Thursday November 28, 2024

جنوبی افریقہ کیخلاف پہلے ٹیسٹ سے قبل قومی ٹیم کیلئے بُری خبر! ٹیم کے اہم ترین کھلاڑی پہلے ٹیسٹ سے باہر

جنوبی افریقہ کیخلاف پہلے ٹیسٹ سے قبل قومی ٹیم کیلئے بُری خبر! ٹیم کے اہم ترین کھلاڑی پہلے ٹیسٹ سے باہر

لاہور(ویب ڈیسک) دورہ جنوبی افریقہ کے آغاز سے قبل قومی ٹیم کے لیے انتہائی بری خبر آگئی ، فاسٹ باؤلر محمد عباس اور لیگ سپنر شاداب خان پہلے ٹیسٹ سے باہر ہوگئے ہیں ۔ذرائع کے مطابق محمد عباس اور شاداب خان کو پہلے ٹیسٹ سے قبل فٹ کرنے کے لیے ری ہیب کا عمل جاری ہے تاہم دونوں کھلاڑی ابھی تک مکمل طور پر فٹ نہیں ہوسکیں ہیں جس کے باعث محمد عباس اور شاداب خان جنوبی افریقہ کے خلاف باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ نہیں کھیل سکیں گے، محمد عباس کندھے اور شاداب خان گروئن انجری کا شکار ہیں اور دونوں کھلاڑی تین روزہ پریکٹس میچ

میں بھی ایکشن میں نہیں تھے ۔محمد عباس نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے دوران فیلڈنگ کرتے ہوئے کندھے کی انجری کا شکار ہوگئے تھے جبکہ شاداب خان کو انجری کے باوجود ٹیم مینجمنٹ نے ایشیاءکپ کھلایا تھا ۔یاد رہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے آغاز سے قبل قومی کرکٹ ٹیم نے واحد پریکٹس میچ میں شاندار فتح حاصل کی تھی۔بینونی میں کھیلے گئے پریکٹس میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ انوی ٹیشن 11 کو شکست دے دی۔میچ کے تیسرے روز 197 رنز کے ہدف کے تعاقب میں امام الحق اور حارث سہیل کی شاندار بلے بازی کے باعث پاکستان نے مطلوبہ ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ حارث سہیل نے 73 رنز جبکہ امام الحق نے 66 رنز کی شاندار اننگ کھیلی۔ پاکستانی ٹیم سرفراز احمد کی قیادت میں جنوبی افریقہ میں موجود ہے اور گرین شرٹس اپنے دورے کے دوران میزبان ٹیم کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کے علاوہ پانچ ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز بھی کھیلے گی۔جنوبی افریقہ اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 26 سے 30 دسمبر تک سنچورین میں کھیلا جائیگا۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 3 سے 7 جنوری، تیسرا اور آخری ٹیسٹ 11 سے 15 جنوری تک کھیلا جائے گا، اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کا پہلا میچ 19 جنوری، دوسرا میچ 22 جنوری، تیسرا میچ 25 جنوری، چوتھا میچ 27 جنوری جبکہ پانچواں اور آخری میچ 30 جنوری کو کھیلا جائے گا، پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹی ٹونٹی میچ یکم فروری، دوسرا میچ 3 فروری جبکہ تیسرا اور آخری میچ 6 فروری کو کھیلا جائے گا۔

FOLLOW US