فیصل آباد معروف برانڈ کے ٹرائی روم میں خفیہ کیمروں کےمعاملے میں پولیس نے ملزمان سے موبائل فون برآمد کر لئے۔تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں ایک معروف برانڈ کے ٹرائی روم میں خفیہ کیمرے کے انکشاف نے ہل چل مچا دی تھی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق معروف برانڈ لیوائس کے ملازموں نے ٹرائی روم میں خفیہ کیمرے لگا رکھے تھے جس سے
وہ گاہگوں کی غیر اخلاقی ویڈیوز بنانے کی کوشش کرتے تھے۔ پولیس نے 4ملزمان کو زیر حراست لے کر تفتیش کا آغاز کیا تھا۔پولیس کے مطابق پولیس نے ملزمان کے موبائل فون قبضے میں لے لئے ہیں لیکن ملزمان اپنے موبائل سے ڈیٹا ڈیلیٹ کر چکے ہیں۔پولیس نے ڈیٹا ریکور کرنے کے لئے فرانزک لیب سے مدد مانگ لی ہے۔یاد رہے کہ ڈریسنگ روم میں سی سی ٹی وی کیمرے کا انکشاف اس وقت ہوا جب ایک شہری ڈریسنگ روم میں کپڑے تبدیل کرنے گیا تو وہاں ایک مشکوک ڈبہ دیکھا جس میں سے کیمرے کا لینز نظر آرہا تھا ۔ شہری نے اس کی تصاویر لے کر مینیجر کو شکایت کی تو اس نے شکایت پر کان دھرنے کی بجائے شہری کا موبائل چھین کر اس میں سے تصاویر ڈیلیٹ کرنے کی کوشش کی جس پر شہری نے پولیس کو بلا لیا۔