میں اس بات کےلئے بہت سارے گواہ عدالت لانے کےلئے تیار ہوں نوازشریف نے نیب عدالت کے احاطے میں ایک ایسی بات کہہ ڈالی کہ ہر کوئی چونک گیا
اسلام آباد (آئی این پی ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ اتفاق فانڈری 50 کی دہائی میں زرعی آلات بنا رہی تھی، جنہوں نے وہ آلات استعمال کئے وہ گواہ موجود ہیں،لاہور میں پہلی اسپورٹس کنورٹیبل مرسیڈیز میرے لیے منگوائی گئی تھی، والد کے کہنے پر 1967 میں عراق ، ایران اور سعودی عرب کا دورہ کیا تھا ، یہ باتیں بتانے کیلئے بہت سے گواہ بیان قلمبند کروانے کیلئے تیار ہو جائیں گے۔ منگل کو سابق وزیراعظم نواز شریف فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت کیلئے احتساب عدالت پہنچے تو مسلم لیگ ن کے رہنما ئو ں نے ان کا استقبال کیا۔ احاطہ عدالت میں وکلا سے مشاورت کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ اتفاق فانڈری 50 کی دہائی میں زرعی آلات بنا رہی تھی اور 60 کی دہائی میں آلات برآمد کرتی تھی۔ ان سب باتوں کے کئی گواہ بھی موجود ہیں۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ انھوں نے والد کے کہنے پر 1967 میں عراق، ایران اور سعودی عرب کا دورہ کیا۔ 1962 میں لاہور کی پہلی امریکن شیورلے گاڑی ان کے والد نے خریدی تھی جبکہ لاہور کی پہلی اسپورٹس کنورٹ ایبل مرسڈیز کار ان کے لیے منگوائی گئی تھی۔نواز شریف نے اپنے اسٹاف کو اتفاق فانڈری کی تفصیلات تیار کرنے کی ہدایت کی تو پرویزرشید نے رائے دی کہ عدالت میں ہمارا مقدمہ یہ نہیں۔ اتفاق فانڈری کے قیام اور برآمدات کی باتیں گپ شپ کی حد تک کے لیے ٹھیک ہیں۔نواز شریف نے اپنے وکیل خواجہ حارث سے اتفاق فانڈری کے ملازمین کو بطور گواہ پیش کرنے سے متعلق مشاورت کی تو خواجہ حارث نے بعد میں مشاورت سے فیصلہ کرنے کا مشورہ دیا۔