Tuesday January 21, 2025

حمزہ شہباز کودیے گئے 6کروڑ روپے کے گفٹ گلے پڑ گئے عدالت نے شہبازشریف کے خلاف بڑا حکم جاری کر دیا

حمزہ شہباز کودیے گئے 6کروڑ روپے کے گفٹ گلے پڑ گئے عدالت نے شہبازشریف کے خلاف بڑا حکم جاری کر دیا

لاہور(آئی این پی ) احتساب عدالت نے مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 9 دن کی توسیع کردی،نیب کے تفتیشی افسر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ہم یہ نہیں کہہ رہے کہ شہباز شریف نے کوئی کرپشن کی ہے، جو گفٹس دیئے گئے ہیں ہم ان کی تفتیش کرنا چاہتے ہیں، حمزہ شہباز شریف کو 2011

میں جو گفٹ دیئے گئے، اس کا ریکارڈ موجود نہیں، ٹیکس ریٹرن ان کے سامنے رکھ دیتے ہیں کہ 6 کروڑ کے گفٹ کیسے دیئے؟،شہباز شریف کے وکیل نے کہا کہ تفتیشی افسر آشیانہ کیس کی بات کریں کہ اس میں کیا بے ضابطگی ہے، نیب کو اس مقدمے میں تفتیش کرتے ہوئے 11 ماہ ہوچکے ہیں، 20 کروڑ روپے کی زمین میرے موکل نے فروخت کی، اگر اس میں سے کچھ رقم بطور گفٹ کرتے ہیں تو کیا غیر قانونی ہے؟، تمام ٹیکس ریٹرن ریکارڈ پر ہیں۔ بدھ کو احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن نے شہباز شریف کے خلاف کیس کی سماعت کی۔نیب کی جانب سے پراسیکیوٹر وارث علی جنجوعہ اور اسد اللہ جبکہ شہباز شریف کی جانب سے ان کے وکیل امجد پرویز عدالت میں پیش ہوئے۔سماعت کے آغاز پر جج نجم الحسن نے استفسار کیا کہ شہباز شریف کا کتنے دن کا ریمانڈ ہوچکا ہے؟جس پر نیب حکام نے بتایا کہ شہباز شریف 54 روز سے تحویل میں ہیں، تاہم سابق وزیراعلی پنجاب نے تصحیح کی کہ 55 دن ہوچکے ہیں۔احتساب عدالت کے جج نے مزید استفسار کیا کہ 55 روز ہوگئے، کیا تفتیش مکمل نہیں ہوئی؟جس پر نیب حکام نے جواب دیا کہ کافی سارے دن قومی اسمبلی کا

اجلاس بھی جاری رہا، جس کی وجہ سے تفتیش نہیں ہوسکی۔تاہم شہباز شریف نے کہا کہ اس دوران بھی تفتیش ہوتی رہی اور انہیں سوالنامہ دیا گیا تھا۔ نیب پراسیکیوٹر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف نے آشیانہ اقبال ہا ئو سنگ پراجیکٹ میں اختیارات کا ناجائز استعمال کیا اور ان پر بطور وزیراعلی قومی خزانے کو کڑوروں کا نقصان پہچانے کا الزام ہے۔نیب کے تفتیشی افسر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ہم یہ نہیں کہہ رہے کہ انھوں نے کوئی کرپشن کی ہے بلکہ جو گفٹس دیئے گئے ہیں ہم ان کی تفتیش کرنا چاہتے ہیں۔تفتیشی افسر کے مطابق حمزہ شہباز شریف کو 2011 میں جو گفٹ دیئے گئے، اس کا ریکارڈ موجود نہیں۔شہباز شریف کے وکیل نے کہا کہ آج نیب کو اس مقدمے میں تفتیش کرتے ہوئے 11 ماہ ہوچکے ہیں، 20 کروڑ روپے کی زمین میرے موکل نے فروخت کی، اگر اس میں سے کچھ رقم بطور گفٹ کرتے ہیں تو کیا غیر قانونی ہے؟انہوں نے عدالت کو بتایا کہ میرے موکل کی تمام ٹیکس ریٹرن ریکارڈ پر ہیں، شہباز شریف نے اپنے بیٹے کو جو گفٹ کیا وہ بالکل قانون کے مطابق کیا۔ ایک دھیلہ بھی ایسا نہیں جس کا ریکارڈ شہباز شریف نے نہ دیا ہو۔وکیل شہباز

شریف نے کہا کہ جس کیس میں جسمانی ریمانڈ مانگا جا رہا اس میں تمام تر تفصیلات نیب کو دے چکے ہیں اور ریکارڈ بھی دے دیا ہے۔ پورے پاکستان میں شہباز شریف کے پاس ایک انچ بھی ایسی زمین نہیں ہے جس کاریکارڈ نہیں ہے اور نا ہی پاکستان کے باہر بھی کوئی پراپرٹی بغیر ٹیکس کے ہے۔جس پر شہباز شریف کے وکیل نے کہا کہ تفتیشی افسر آشیانہ کیس کی بات کریں کہ اس میں کیا بے ضابطگی ہے۔شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ آشیانہ اقبال کیس کے حوالے سے ہونے والی میٹنگز میں شریک افراد سے سامنا نہیں کروایا گیا۔جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ کیا ان لوگوں کے بیان ریکارڈ ہوچکے ہیں۔تفتیشی افسر نے جواب دیا کہ جی تمام لوگوں کے بیانات ریکارڈ ہوچکے ہیں۔دوران سماعت شہباز شریف کی میڈیکل رپورٹس عدالت میں پیش کردی گئیں۔شہباز شریف کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ میڈیکل رپورٹس کے مطابق ان کے موکل کو کینسر ہے۔جس پر نیب کے تفتیشی افسر نے کہا کہ شہباز شریف کے لیے میڈیکل اسپیشلسٹس پر مشتمل بورڈ بنانے کا کہا گیا ہے، میڈیکل کے حوالے سے انہیں جیسا بھی ٹریٹمنٹ چاہیے وہ دینے کے لیے تیار ہیں۔جس پر شہباز شریف نے عدالت سے استدعا کی کہ ان کے تمام میڈیکل ٹیسٹ اور چیک اپ اسلام آباد کے پمز اسپتال میں ہو رہا ہے، لہذا عدالت پمز میں علاج جاری رکھنے کا حکم دے۔فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے شہباز شریف کے مزید ریمانڈ سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا اور بعدازاں ان کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 9 دن کی توسیع کرتے ہوئے سماعت 6 دسمبر تک کے لیے ملتوی کردی۔

FOLLOW US