” الزام بعد میں لگانا پہلے یہ سن لو کہ عمران خان والا یہ کام تو شہبازشریف نے کبھی آج تک نہیں کیا ” لیگی خاتون رہنما کا ایسا بیان کہ تحریک انصاف چونک اٹھے گی
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان مسلم لیگ (ن )کی ترجمان مریم اورنگز یب نے کہا ہے کہ شہباز شریف نے عمران خان کی طرح سیرو تفریح کیلئے ہیلی کاپٹر استعمال نہیں کیا،جھوٹ اور یوٹرن پر چلنے والی حکومت الزام لگانے سے پہلے حقائق دیکھ لے تو یوٹرن نہ لینے پڑیں۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ شہبازشریف نے جہاز اور ہیلی کاپٹر صرف عوامی خدمت کی ذمہ داری نبھانے کے لئے استعمال کیا۔بطور وزیراعلی شہباز شریف نے اپنے استحقاق اور قانون کے مطابق یہ سہولت لی تھی۔
انہوں نے کہا کہ سول ایوی ایشن نے پنجاب حکومت کا جہاز ناقابل پرواز قرار دیا تھا مگر شہباز شریف نے 4ارب کا نیا ہیلی کاپٹر لینے سے انکار کیا۔شہبازشریف نے بطور وزیراعلی بارہا عوام کی خدمت کیلئے پرائیویٹ جہاز استعمال کیا اور کبھی ایک پیسہ پنجاب حکومت سے نہیں لیا جس کا ریکارڈ لاگ بک میں موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ دوسروں کے خلاف جھوٹے الزامات عائد کرنے کے بجائے عمران خان اپنے ہیلی کاپٹر استعمال کرنے کے بارے میں نیب کو وضاحت دیں۔