فواد چودھری کے بعد اسد عمر نے سینیٹ میں ایک ایسی حرکت کر ڈالی کہ اپوزیشن نے آسمان سر پر اٹھا لیا چئیرمین سینیٹ کوبھی شدید غصہ آگیا ، چونکا دینے والی خبر
اسلام آباد(آئی این پی)سینیٹ (ایوان بالا) میں وقفہ سوالات کے دوران وفاقی وزراء کی دیر سے آمد پر اپوزیشن نے شدید احتجاج کیا اور احتجاجاً واک آئوٹ کیا ، چیئرمین سینیٹ نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سینیٹ سیکرٹریٹ کو ہدایت کی کہ وزراء کی بروقت ایوان میں آمد یقینی بنانے کیلئے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھا جائے ، مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ وزراء کے پاس ایوان میں آنے کیلئے وقت نہیں ، کابینہ میں 60سے زائد وزراء کی فوج ہے ، قائد ایوان سینیٹر شبلی فراز نے وزراء کی بروقت ایوان میں عدم شرکت پر معذرت کر لی اور آئندہ وزراء کی بروقت حاضری یقینی بنانے کی یقین دہانی کروائی ۔ بدھ کو سینیٹ اجلاس چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیر صدارت ہوا ۔ وقفہ سوالات شروع ہوا تو وزارت خزانہ سے متعلق سوالات کا جواب دینے کیلئے وزیر خزانہ اسد عمر اور وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر موجود نہیں تھے جس پر چیئرمین سینیٹ نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے قبل بھی وزراء کو بروقت ایوان میں حاضر ہونے کی ہدایات دی جا چکی ہیں مگر آج پھر وزراء بروقت ایوان میں موجود نہیں ، پارلیمنٹ وزراء کا انتظار نہیں کر سکتا ۔ اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے سینیٹ سیکرٹریٹ کو ہدایت کی کہ وزراء کی ایوان میں بروقت حاضری یقینی بنانے
کیلئے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھا جائے ۔ مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ وزراء کے پاس ایوان میں آنے کیلئے وقت نہیں ، کابینہ میں وزراء کی ایک فوج ہے ، کابینہ کی تعداد 60سے تجاوز کر چکی ہے مگر کسی کے پاس پارلیمنٹ آنے کیلئے وقت نہیں ، وزراء کیا کہیں رنگ رلیاں منانے میں مصروف ہیںجو ایوان میں نہیں آئے ۔ اس موقع پر اپوزیشن سینیٹرز نے وزراء کی بروقت ایوان میں عدم شرکت پر احتجاجاً واک آئوٹ کیا جس پر چیئرمین سینیٹ نے وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اعظم خان سواتی کو ہدایت کی کہ وہ اپوزیشن کو منا کر واپس ایوان میں لائیں ۔ بعدازاں اپوزیشن نے اپنے علامتی احتجاج ریکارڈ کروانے کے بعد ایوان میں واپس آگئے ۔ قائد ایوان سینیٹر شبلی فراز نے اپوزیشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں وزراء کی بروقت ایوان میں نہ آنے پر معذرت خوا ہوں ۔ وزراء کو بروقت ایوان میں شرکت یقینی بنانی چاہیے ہم آئندہ اس بات کا خاص خیال رکھیں گے ۔