پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز ملتان سلطانز کی چوتھے ایڈیشن سے چھٹی
لاہور : پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز ملتان سلطانز کی چوتھے ایڈیشن سے چھٹی، واجبات کی عدم ادائیگی پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے ملتان سلطانز کا معاہدہ منسوخ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ایک مرتبہ پھر پاکستان سپر لیگ میں ٹیموں کی تعداد 6 سے کم ہوکر 5 ہو گئی ہے۔ پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز ملتان سلطانز کی چوتھے ایڈیشن سے چھٹی ہوگئی ہے۔
واجبات کی عدم ادائیگی پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے ملتان سلطانز کا معاہدہ منسوخ کر دیا ہے۔ اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ اور ملتان سلطانز کے درمیان کئی روز سے مذاکرات جاری تھے۔ ملتان سلطانز کو گزشتہ برس پاکستان سپر لیگ میں شامل کیا گیا تھا۔ ملتان سلطانز کو دبئی کے مشہور شان گروپ کی جانب سے خریدا گیا تھا۔
تاہم شان گروپ کی جانب سے ملتان سلطانز کے ذمے واجبات تاحال ادا نہیں کیے گئے۔
اب پی سی بی نے شان گروپ کی جانب سے واجبات کی تاحال ادائیگی نہ ہونے پر ملتان سلطانز کا معاہدہ منسوخ کر دیا ہے۔ ملتان سلطانز کا معاہدہ منسوخ کیے جانے کے بعد پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن میں 6 کی بجائے 5 ٹیمیں شرکت کریں گی۔ تاہم اگر کوئی اور کاروباری گروپ ملتان سلطانز کی فرنچائز خرید کر اس کے ذمے واجبات ادا کر دیتا ہے، تو پھر اس صورت میں ملتان سلطانز پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن میں شرکت کر پائے گی۔ یہاں یہ بات بھی واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کیلئے کھلاڑیوں کے ڈرافٹ کا عمل 20 نومبر سے شروع ہوگا۔ اگر 20 نومبر سے قبل ملتانز سلطانز کے معاملات طے نہیں کیے جاتے، تو پھر پاکستان سپر لیگ 4 میں 6 کی بجائے 5 ہی ٹیمیں شرکت کریں گی۔









