دوسرا ٹی ٹونٹی۔۔۔اہم ترین کھلاڑی ٹیم سے آؤٹ! شعیب ملک کس کے متبادل کے طور پر کھیلیں گے؟ جانئے
دبئی() پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کا پہلا میچ بدھ کو کھیلا گیا جس میں پاکستانی ٹیم نے بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیوی ٹیم کو 66 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔پاکستان کی طرف سے باؤلنگ میں تمام باؤلرز نے ہی بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور خاص طور پر کافی عرصے بعد واپس آنے والے عماد وسیم نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے کپتان ایرون فنچ سمیت تین وکٹیں حاصل کیں۔پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستانی ٹیم انتظامیہ نے عماد وسیم کو اسی نیت سے کھلایا تھا کہ دوسرے میچ میں شعیب ملک ٹیم میں واپس آجائیں گے تو عماد وسیم کو باہر بٹھا دیا جائے گا لیکن انہوں نے ملنے والے موقعے کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور اب ٹیم مینجمنٹ کے لئے ایسا کوئی بھی فیصلہ کرنا ناممکن ہو گیا ہے۔یاد رہے کہ شعیب ملک اپنی حاملہ اہلیہ ثانیہ مرزا کے ہمراہ انڈیا میں موجود تھے جو وہاں سے واپس میچ سے کچھ دیر پہلے پہنچ تو گئے تھے لیکن انہوں نے خود ہی تھکاوٹ کی وجہ سے پہلے میچ میں شمولیت سے معذرت کی تھی۔ اب دوسرے میچ میں چونکہ شعیب ملک کی واپسی پکی ہے اس لئے ان کو کھلانے کےلئے جارح مزاج مڈل آرڈر بلے باز آصف علی یا نوجوان آل راؤنڈر حسین طلعت کو جگہ خالی کرنا پڑے گی۔ٹیم ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اس بات کا ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا کہ دونوں میں سے کس کو بٹھایا جائے گا لیکن زیادہ چانسز اس بات کے ہیں کہ حسین طلعت کو اس دوسرے ٹی ٹونٹی میچ کی پلیئنگ الیون سے ڈراپ کر کے شعیب ملک کو جگہ دی جائے گی۔یاد رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ٹی ٹونٹی آج دبئی میں کھیلا جائے گا۔دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں گرین شرٹس اور کینگروز کے درمیان میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے شروع ہوگا۔ تین میچوں کی سیریز میں پاکستان کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔سیریز کا آخری ٹی ٹونٹی میچ 28 اکتوبر کو دبئی میں ہوگا۔









