سرکاری اراضی کی غیر قانونی الاٹمنٹ اور کرپشن کے سنگین الزامات وزیراعظم عمران خان کی انتہائی قریبی شخصیت کی نیب کے سامنے پیشی کی تفصیلات منظر عام پر آگئیں
پشاور (آ ئی این پی)وزیر اعظم عمران خان کے پرنسپل سیکریٹری اعظم خان کرپشن کیس میں قومی احتساب بیورو پشاور میں پیش ہوگئے،اعظم خان پر مالم جبہ میں سرکاری اراضی کی غیر قانونی الاٹمنٹ اور بدعنوانی اور بے ضابطگیوں کا الزام ہے۔نجی ٹی وی کے مطا بق نیب ذرائع نے بتا یا ہے کہ اعظم خان جوائنٹ انکوائری کمیٹی کے سامنے پیش ہوئے اور اپنا بیان ریکارڈ کرایا، اعظم خان پر مالم جبہ میں سرکاری اراضی کی غیر قانونی الاٹمنٹ اور بدعنوانی کا الزام ہے،انہوں نے مالم جبہ میں 275 ایکٹر زمین 33 سالہ لیز پر قواعد و ضوابط کے برعکس دی گئی۔اسی کیس میں وزیر دفاع پرویز خٹک اور سابق ایڈیشنل چیف سیکریٹری خالد پرویز کیس میں پہلے سے پیش ہوچکے ہیں۔ جب کہ جمعرات کو اعظم خان کے علاوہ سابق چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا امجد علی خان اور منیجنگ ڈائریکٹر ٹوارزم کارپوریشن خیبر پختونخوا مشتاق احمد کو بھی ریکارڈ سمیت طلب کیا گیا تھا۔اعظم خان گزشتہ دور حکومت میں چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا تھے۔