” جنھوں نے آج تک تھر کبھی دیکھا ہی نہیں وہ بھی تھر پر تجزیے کررہے ہیں اس علاقے میں بس یہ دو عام سے ہی مسئلے ہیں” پیپلزپارٹی کی ہندو سینیٹر نے انتہائی حیران کر دینے والا بیان دے ڈا؛ا
اسلام آباد (آئی این پی )پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما سینیٹر کرشنا کماری نے کہا ہے کہ تھر کا اصل مسئلہ کھارا پانی اور کم عمری میں شادی ہے۔ جنہوں نے تھر آج تک دیکھا تک نہیں وہ بھی تھر کے بارے میں تجزیے کر رہے ہیں۔ جمعہ کو میڈیا آفس اسلام آباد سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کرشنا کماری نے کہا کہ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کو تھر کے عوام کے مسائل کا مکمل ادراک ہے اور وہ نیک نیتی سے تھر کے عوام کے لئے کام کر رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ تھر کے عوام میں 2018ءکے انتخابات میں پیپلزپارٹی کے نا مزد امیدواروں کو ووٹ دے کر کامیاب کیا۔ سینیٹر کرشنا کماری نے کہا کہ 2013ءسے لے کر آج تک وفاقی حکومت نے تھر کے عوام کے لئے کچھ نہیں کیا۔ صرف سندھ حکومت تھر کے عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تھر کا 70فیصد رقبہ بارانی ہے۔ اگر بارش ہو تو تھر خوشحال ہو جاتا ہے مگر جب بارش نہ ہو تو پانی بھی کھارا ہو جاتا ہے جس سے انسانی زندگیاں متاثر ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غربت اور کم عمر میں شادی کی وجہ سے کمزور بچوں کی پیدائش ہوتی ہے جس کی وجہ سے بچوں کی اموات ہوتی ہیں۔ سینیٹر کماری نے کہا کہ کوٹلی سے آگے پانی جائے گا تو تھر کو بھی پانی ملے گا مگر عقل سے پیدل لوگ یہ بودی دلیل دے رہے ہیں کہ پانی سمندر میں جا کر ضائع ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانی اگر سمندر میں نہیں جائے گا تو سمندر کا پانی ساحلی علاقوں کو تباہ کر دے گا۔