اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر علی امین خان نے حلف اٹھانے کے بعد آج وزارت اُمور کشمیر و گلگت بلتستان کا چارج سنبھال لیا۔ وزارت کے اعلیٰ افسران نے وفاقی وزیر کا وزارت پہنچنے پر استقبال کیا اور انہیں خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری اُمور کشمیر طارق محمود پاشا نے وفاقی وزیر کو وزارت اور ملحقہ محکموں سے متعلق بریفینگ دی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ وزارت اُمور کشمیر و گلگت بلتستان کی کارکردگی بہتر بنانے کی بھرپور کوشش کریں گے
۔ انہوںنے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی 22 سالہ سیاسی جدوجہد کا مقصد پاکستان کے عوام کے بنیادی مسائل کا حل کرنا تھا اور وہ اُن کے اسی وژن کو آگے بڑھانے کی کوشش کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ اُن کی وزارت اپنے تفویض کردہ مینڈیٹ اور قواعد کے مطابق آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں عوام کی فلاح کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرے گی ۔ انہوں نے کہاکہ وہ اُمید کرتے ہیں کہ اس مقصدکے حصول کے لیے وزارت کے تمام افسران اور حکام ایک ٹیم کی مانند محنت اور لگن سے کام کریں گے ۔
