راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت کور کمانڈر کانفرنس کے دوران ملکی سلامتی و استحکام کے امور پر غور کیا گیا،کمانڈرز نے اجلاس کے دوران کامیاب انسداد دہشت گردی آپریشنز سے حاصل ہونے والے امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر)کے مطابق جنرل ہیڈ کوارٹر میں آرمی چیف کی زیرصدارت کور کمانڈر کانفرنس میں جیو اسٹریٹجک اور ملک میں جاری آپریشن ردالفساد کے
تحت استحکام آپریشنز کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق شرکا نے کامیاب انسداد دہشت گردی آپریشنز سے حاصل ہونے والے امن و استحکام کو برقرار رکھنے کا عزم کیا گیا۔اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی بہتر رکھنے پر انٹیلیجینس اداروں اور فورسز کی تعریف بھی کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے چین کے اپنے انتہائی کامیاب دورے سے متعلق بھی شرکا کو آگاہ کیا۔