کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت کے خلاف مسلسل دو میچز میں شکست کے بعد پاکستانی ٹیم پر مداحوں ، میڈیا ، سیاستدانوں غرضیکہ ہر کسی کی جانب سے تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔روایتی حریف سے دونوں میچوں میں ذلت آمیز شکست کے بعد ٹیم کی مینجمنٹ ، سلیکشن، پرفارمنس ، کھلاڑیوں کے اعتماد، باڈی لینگوئج، فیلڈنگ ، رویے ہر ایک چیز کو زیر بحث
لایا جا رہا ہے۔ اور ایک مشترکہ رائے یہی ہے کہ موجود ہ ٹیم میں اس وقت کچھ بھی ٹھیک نہیں ۔ لیکن سابق کپتان اور آل رائونڈر شاہد آفریدی گرین شرٹس کی حمایت میں میدان میں آگئے ہیں جن کا کہناہے کہ پاکستانی مداحوں کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ۔یہی پاکستانی ٹیم ایشیا کپ جیت کر آئے گی۔ آفریدی کا کہناہےکہ پاکستانی ٹیم کسی بھی وقت کم بیک کی صلاحیت رکھتی ہے اور سرفراز ایک بہت بڑے فائٹر ہیں۔ وہ ٹیم کو وننگ ٹریک پر لانے کا فن جانتے ہیں۔ چیمپئینز ٹرافی کی مثال سب کے سامنے ہے۔ اگر پاکستانی ٹیم فائنل میں کوالیفائی کرجاتی ہے اور بھارت کو دبائو میں لاکر ایونٹ جیتنے میں کامیاب ہو جائے گی۔ اگرچہ حالیہ کارکردگی کے تناظر میں شاہد آفریدی کی رائے کچھ زیادہ اہمیت حاصل نہیں کر پارہی تاہم ان کی حمایت میں کئی لوگوں نے آواز اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ فائنل میچز میں پاکستان کا ریکارڈ ہمیشہ بھارت سے اچھا رہا ہے اور پاکستانی ٹیم کو یہ نفیساتی برتری حاصل رہے گی۔









