دبئی (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان اور بھارت 19ستمبر کو ایشیا کپ کے میچ میں آمنے سامنے ہوں گے ۔ اس میچ کی تمام ٹکٹیں کئی روز پہلے ہی فروخت ہوچکی ہیں جبکہ دنیا بھر کے شائقین کرکٹ ٹی وی پر اس میچ کو براہ راست دیکھنے کےلئے بھی بڑی بے صبری سے انتظار کررہے ہیں۔دو روایتی حریفوں کا میچ ہر دور اور پر فارمیٹ میں ہی دلچسپی سے
بھرپور رہا ہے۔ لیکن ایک روزہ میچوں میں یہ دلچسپی کچھ زیادہ ہی دیکھنے کو ملتی ہے۔ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں مجموعی طور پر 129ون ڈے میچز میں آمنے سامنے آئیں۔73میچز میں پاکستان کو کامیابی ملی۔ 52میچوں میں بھارت کامیاب رہا جبکہ 4میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو ئے۔ اسی طرح ایشیا کپ میں پاک بھار ت ٹیمیں 10میچوں میں آمنے سامنے آئیں۔ جن میں سے پانچ مرتبہ بھارت کو کامیابی ملی ۔چار دفعہ پاکستان کامیاب رہا جبکہ ایک میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوا۔ایشیا کپ کے میچ میں پاکستان اور بھارت آخری بار 2014میں آمنے سامنے آئے تھے۔جب پاکستان نے شاہد آفریدی کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت کو ایک وکٹ سے شکست دی تھی۔









