تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ کا پہلا میچ دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں بنگلا دیش اور سری لنکا کی ٹیموں کے مابین کھیلا جارہا ہے، بنگال ٹائیگرز نے ٹاس جیت پر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ بنگلا دیش کو پہلے بیٹنگ کا فیصلہ مہنگا پڑا اور سری لنکا کے باؤلر ملنگا نے میچ کے آغاز پر ہی دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، لٹن داس اور شکیب الحسن پہلے اوور میں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے۔
بنگال ٹائیگرز کو آغاز اچھا نہ مل سکا اور 184 کے اسکور پر اُس کے 6 کھلاڑی آؤٹ ہوئے البتہ مشفیق الرحیم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 144 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ٹیم کو بہترین مجموعے کی طرف لے گئے۔ بنگلا دیش کی ٹیم کے تمام کھلاڑی میچ کے آخری (پچاسویں) اوور میں 261 رنز پر آؤٹ ہوئے اور اس طرح سری لنکا کی ٹیم کو جیت کے لیے 262 رنز کا ہدف ملا، لاستھ ملنگا 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے نمایاں گیند باز رہے۔