لاہور( مانیٹرنگ ڈیسک ) پاکستان پیپلز پارٹی نے بجلی اور گیس کی نرخوں میں اضافے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر احتجاج کا اعلان کر دیا۔پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے ترجمان سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے اپنے بیان میں کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کے وعدے کرنے والوں نے آتے ہی مہنگائی کے پہاڑ توڑ دیئے ہیں۔ 100 دنوں کے حکومتی منصوبے کا پہلا تحفہ بجلی اور گیس کے نرخوں میں اضافے کی
صورت میں دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیس کے نرخوںمیں 100 فیصد سے زیادہ اضافہ عوام پر ظلم ہے ۔پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں چند روپے کمی کا ڈرامہ رچا کر گیس کی قیمتیں بڑھا دی گئیں۔جبکہ عمران خان سرکار نے پہلے ہی بجلی کی قیمت میں دو روپے یونٹ کا اضافہ کر دیا ہے ۔ کہاں ہیں وہ جو کہتے تھے اقتدار میں آتے ہی پیٹرولیم مصنوعات سے تمام ٹیکسز ختم کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی گیس اور بجلی کے نرخوں میں اضافے کے خلاف پارلیمنٹ سمیت ہر فورم پر احتجاج کرے گی۔ہم عوام کو حکومت کی من مانی کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑیں گے۔