اشنگٹن(نیوز ڈیسک) امریکہ کی طرف سے پہلے ہی پاکستان کی دفاعی امداد میں کمی کی جا چکی ہے اور اب اس نے پاکستان کو ایک اور زوردار جھٹکا دے دیا ہے۔ عالمی خبررساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق امریکہ محکمہ دفاع نے اعلان کیا ہے کہ اس نے پاکستان کی 30کروڑ ڈالر کی امداد منسوخ کر دی ہے۔ اس سے قبل ٹرمپ انتظامیہ نے پاکستان پر دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائی سے گریز کرنے کا الزام عائد کرکے یہ امداد روک دی
تھی۔ تب امریکی صدر نے کہا تھا کہ پاکستان نے امریکہ سے اربوں ڈالر کی امداد ملنے کے باوجود امریکہ سے دھوکہ کیا۔رپورٹ کے مطابق پینٹاگون کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل کونے فاکنرکا کہنا تھا کہ ’’پاکستان کی جو 30کروڑ ڈالر کی دفاعی امداد منسوخ کی گئی ہے، امریکی فوج اب یہ امدادی رقم دیگر فوری ضرورتوں پر خرچ کرے گی۔‘‘انہوں نے مزید بتایا کہ ’’پاکستان نے امریکہ کی ساؤتھ ایشیاء سٹریٹجی میں تعاون کرنے سے گریز کیا اور اپنے ملک میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرنے سے اجتناب برتا، جس پر اس کی امداد منسوخ کی گئی۔‘‘