لاہور (نیوزڈیسک)پیپلز پارٹی کے رہنما سردار لطیف کھوسہ نے کہاہے کہ تحریک انصاف نے ایف اے پاس کو گورنر لگا دیاہے جبکہ میرٹ تحریک انصا ف کے منشور کا حصہ ہے اس لئے اب حکومت کواپنا میرٹ دکھانا چاہئے ۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے لطیف کھوسہ نے کہاکہ 35ارب کے معاملے میں نہ آصف زرداری ملزم ہیں اور نہ
فریال تالپور ملزم ہیں وہ صرف گواہوں کے زمرے میں آتے ہیں۔ ا س کیس میں 14ملزما ن ہیں جن میں آصف زرداری اور فریال تالپور نہیں ہیں۔ ہم 14سال سے کیسز بھگت رہے ہیں اور یہ کیس بھی نوازشریف دور کا بنایا ہوا ہے ۔ شہبازشریف نے پنجاب میں اپنی وزارت اعلیٰ کے دوران ایک دن بھی آصف زرداری کو صدر پاکستان تسلیم نہیں کیا اورنہ کبھی انہوں نے آصف زرداری کو بطور صدر کبھی کسی تقریب میں مدعوکیا اور نہ کبھی ائر پورٹ پر ان کا استقبال کرنے گئے ۔ اس طرح ملک نہیں چلتے ۔ انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کے جو فیصلے آئے ہیں ان سے بہت کچھ نظر آگیاہے ۔ صدر اور گورنرز کے آفسز ریاست کے وقار کو ظاہر کرتے ہیں۔ انہوں نے جتنی بھی تقرریاں دی ہیں ان میں کہیں ایف اے والا گورنر لگا دیاہے ۔ گورنر یونیورسٹیوں کے چانسلر ہوتے ہیں اب دیکھتے ہیں کہ یونیورسٹیوں والے ان سے ڈگریاں لیں گے بھی یا نہیں۔ تحریک انصاف کے منشور کاحصہ میرٹ ہے اور اب یہ دکھائیں نہ اپنا میرٹ !انہوں نے کہا کہ جب ہم نے غلام مصطفی کھر کو گورنر پنجاب لگایا تھا تو پنجاب یونیورسٹی کے طلبہ نے ان سے ڈگریاں لینے سے انکار کردیا تھا اور اب کیا تحریک انصاف والے بھی یہ بات چاہتے ہیں۔