لاہور(نیوزڈیسک) اپوزیشن نے صدرمملکت کے انتخاب کیلئے متحد ہونے کا اشارہ دے دیا ہے،پیپلزپارٹی کی جانب سے اعتزازاحسن کی بجائے متفقہ امیدوار لائے جانے کا امکان ہے۔ مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء احسن اقبال نے کہا کہ متفقہ صدارتی امیدوار کیلئےاپوزیشن کاعید کے بعد اجلاس ہوگا،اپوزیشن یکجا نہ ہوئی تو حکمران جماعت کو فائدہ ہوگا۔تفصیلات
کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن نے پارٹی اجلاس میں پیپلزپارٹی کا صدارتی امیدوار کیلئے اعتزاز احسن کا نام مسترد کردیا ہے۔ مسلم لیگ نے اجلاس تحفظات کا اظہار کیا کہ اعتزازاحسن دھرنے میں بھی اپوزیشن کو تقسیم کرنے کے ایجنڈے پر تھے۔ اجلاس میں اعتزاز احسن کے نام پر تحفظات کا اظہار بھی کیا گیا۔جس کے بعد ان کا نام صدارتی امیدوار کے طور پرمسترد کردیا۔مسلم لیگ ن نے پیپلزپارٹی کوتجویز دی ہے کہ صدارتی امیدوارکی متفقہ نامزدگی پاکستان الائنس کے ذریعے کی جائے۔ مسلم لیگ ن نے خبردار کیا کہ پیپلزپارٹی نے اتفاق نہ کیا تون لیگ عبدالقادربلوچ صدارتی امیدوارہوں گے۔ اسی طرح اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان الائنس کا اجلاس 24 اگست کو مری یا اسلام آباد میں ہو گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان الائنس کے ہراجلاس میں تمام اپویشن جماعتوں کی قیادت شرکت کی پابند ہوگی۔مسلم لیگ ن کے اجلاس کے بعد پیپلزپارٹی کے رہنماؤں خورشید شاہ اور رضا ربانی نے مسلم لیگ ن کی قیادت شہبازشریف، احسن اقبال،، ایازصادق اور رانا تنویر سے ملاقات کی۔ جس میں ن لیگ کے تحفظات دور کرنے اور متفقہ امیدوار لانے پرمشاورت کی گئی۔ ن لیگی رہنماء احسن اقبال نے اجلاس کے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صدارتی امیدوارکے حوالے سے قیاس آرائیوں سے گریزکیا جائے۔فرحت اللہ بابر بھی کہہ چکے ہیں اعتزاز احسن حتمی امیدوارنہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی خواہش ہے صدارتی انتخاب کیلئے متفقہ امیدوار لایا جائے۔ عید کے بعد اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس ہو گا۔ احسن اقبال نے کہا کہ اگراپوزیشن یکجا نہ ہوئی تو حکمران جماعت کو فائدہ ہو گا۔ واضح رہے اس سے قبل پیپلزپارٹی نے صدارتی امیدوار اعتزاز احسن کی حمایت کے عوض ن لیگ کو سینیٹ میں حمایت کی یقین دہانی کروائی تھی۔ تاہم ن لیگ نے اس کے باوجود اعتزاز احسن کی حمایت مسترد کردی ہے۔