Friday January 17, 2025

’عمران خان نے پہلی تقریر میں صرف دھمکیاں دیں۔۔اگر یہ نیا پاکستان ہے تو پھر اللہ ہی رحم کرے‘

اسلام آباد(نیوزڈیسک) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماء سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان نے اپنی پہلی تقریر میں دھمکیاں دیں،اگر یہ نیا پاکستان ہے توپھر اللہ ہی رحم کرے، عمران خان کی تقریر سے لگا جیسے ان کی تربیت لالو پرساد یا پھر کسی دیوانے نے کی ہو۔انہوں نے آج یہاں اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی میں

 

عمران خان کی پہلی تقریر سے مایوسی ہوئی۔امید نہیں تھی کہ عمران خان اتنی غیرذمہ داری کا مظاہرہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی تقریر وزیراعظم کی تقریر نہیں تھی۔ تقریر سے لگا جیسے وزیراعظم عمران خان بھاٹی چوک میں جلسہ کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایوان کا ماحول ٹھیک رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عمراں خان نے اپنی تقریر میں دھمکیاں دیں اور کنٹینرکی ترغیب دی۔اگر یہ نیا پاکستان ہے توپھر اللہ ہی رحم کرے۔۔خورشید شاہ نے کہا کہ عمران خان قائد اعظم کواپنا آئیڈیل کہتے ہیں لیکن انہوں نے ان سے کچھ نہیں سیکھا ۔۔سید خورشید شاہ نے کہا کہ عمران خان کی تقریر سے لگا جیسے ان کی تربیت لالو پرساد یا پھر کسی دیوانے نے کی ہو۔واضح رہے عمران خان نے وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد ایوان سے اپنے پہلے خطاب میں اپوزیشن کوخبردار کیا کہ میں کسی سے بلیک میل نہیں ہوں گا۔احتجاج کرنا ہے تویا پھر سڑکوں پر نکلیں ،چیلنج کرتا ہوں کہ شہبازشریف اور مولانا فضل الرحمن طویل مدتی دھرنا دے کردکھا دیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ڈی چوک میں دھرنا دے ہم ان کوکنٹینر بھی فراہم کریں گے اور ان کھانا بھی پہنچائیں گے۔۔عمران خان نے واضح کہا کہ حکومت کا پہلا کام کڑا احتساب کرنا ہے ۔ ملک کومقروض بنا دیا گیا ہے ۔لوٹا ہوا پیسا واپس لائیں گے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جو مرضی کرلے لیکن ان کواین آر او نہیں ملے گا۔وعدہ کرتا ہوں کہ ان کو نہیں چھوڑوں گا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کو طاقتور بناؤں گا۔ہر ہفتے پارلیمنٹ میں آؤں گا۔

FOLLOW US